بھارت نے 10فروری سے تھر ایکسپریس دوبارہ چلانے کیلئے پاکستان کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ۔ وزیر ریلو ے،الیکٹرانک ٹکٹیں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے جاری کرنے کی سہولت جلد مہیا کر دی جائیگی ۔ لاہور میں پریس کانفرنس

ہفتہ 9 دسمبر 2006 15:47

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09دسمبر2006 ) بھارت نے 10فروری سے کھوکھرا پار او رمونا باؤ کے درمیان تھر ایکسپریس دوبارہ چلانے کیلئے پاکستان کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے ۔یہ بات وفاقی وزیر ریلو ے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی دیرینہ خواہش تھی کہ تھر ایکسپریس بحال ہونی چاہیے اور ہم بھارت کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔

تھر ایکسپریس کے ساتھ فریٹ ٹرین چلانے کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہماری اولین ترجیح پسنجر ٹرین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 8ماز ٹرانزٹ ٹرین چلانے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور فزیبلٹی رپورٹ کیلئے 2کروڑ 90لاکھ روپے فنڈز بھی مل گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ ٹرین لاہور ‘ کراچی ‘ حیدر آباد‘ ملتان ‘ پشاور ‘ر اولپنڈی اور فیصل آباد میں چلیں گی ۔

شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سر کلر ریلوے 980ملین ڈالر کا منصوبہ ہے جس کیلئے جاپان سے بات چیت ہو رہی ہے جس دن اس کا نوٹیفکیشن ہوا ریلوے کام شروع کر دے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 25دسمبر کو جناح ایکسپریس کاافتتاح ہو گا اور یہ ملک کی پہلی لگژری ٹرین ہو گی پاکستان ریلوے پانچ نئی ٹرینیں چلا رہا ہے جس میں پشاور ایکسپریس ‘ جناح ایکسپریس ‘ پاکستان ایکسپریس ‘ الیگزینڈر ایکسپریس اور سفاری ایکسپریس شامل ہیں ۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ انہوں نے انتطامیہ کو 15 دنوں کا ٹائم دیا ہے کہ وہ خود کو ٹھیک کر لیں و رنہ اسکے بعد سخت فیصلے ہونگے ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اب ریلوے آئندہ سال فریٹ پر بھی خصوصی توجہ دے گا ۔ مغلپورہ ورکشاپ کو بحال کرنے کیلئے وہاں نئی مشینیں لگائی جائینگی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام سٹیشنوں کو بحال کیا جا ئیگااور پہلے مرحلے میں لاہور او راولپنڈی کے سٹیشنوں کو بحال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے الیکٹرانک ٹکٹیں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے جاری کرنے کی سہولت جلد مہیا کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے چار ہزار کراسنگ مرحلہ وار کم کئے جائینگے ۔

متعلقہ عنوان :