نواز شریف کے 5نکاتی ایجنڈے پر باقی جماعتوں سے مشاورت کررہے ہیں۔امین فہیم

بدھ 27 دسمبر 2006 12:09

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27دسمبر2006 ) اے آر ڈی کے چیئرمین مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ طے ہونے کے بعد اس میں شرکت کا فیصلہ کریں گے‘ میاں نواز شریف کے پانچ نکاتی ایجنڈے پر باقی جماعتوں سے مشاورت کررہے ہیں‘ اے آر ڈی میں کوئی اختلافات نہیں‘ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے درمیان ملاقاتیں معمول کی بات ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم امین فہیم نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی تاہم تاریخ طے ہونے کے بعد دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد اس میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے آر ڈی میں کوئی اختلاف نہیں ہے سب جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہو اور آئین کی بالادستی ہو ایک سوال پر مخدوم امین فہیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں بے نظیر اور نواز شریف کی حالیہ ملاقات طے شدہ نہیں تھی ایک شادی کی تقریب میں اکٹھے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں معمول کی بات ہے ایک سوال پر مخدوم امین فہیم نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے پانچ نکاتی فارمولے پر باقی اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت جاری ہے سب جماعتیں مل کر اس پر فیصلہ کریں گی۔