حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کو عملی شکل دے رہی ہے. وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 3 جنوری 2007 13:58

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کو عملی شکل دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ اسلام امن‘ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے جبکہ موجودہ حکومت اسلام کی حقیقی روح کے مطابق کمزور اور محروم طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے -یہ بات انہو ں نے منگل کے روز بشپ الیگزینڈر جان ملک سے ایک ملاقات کے دوران کہی -وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ حکومت نے اقلیتوں کو قانون ساز اداروں میں موثر نمائندگی دی ہے جس کے نتیجے میں ان کے حقوق کو تحفظ ملا ہے اورترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں - انہو ں نے کہاکہ مسیحی برادری اور دیگر اقلیتیں ملکی استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہیں- انہو ں نے کہاکہ اقلیتوں کو درپیش مسائل کے بہتر حل کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے علیحدہ وزارت کا قیام سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے - انہو ں نے کہاکہ سرکاری رہائشی سکیموں میں اقلیتوں کا علیحدہ کوٹہ مختص کیاگیا ہے - انہو ں نے کہاکہ مسیحی برادری سمیت دیگر اقلیتوں نے تحریک پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیاتھا جبکہ اب وہ سماجی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے کوشاں ہیں - چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عید الاضحی مخلوق خدا کی بلا تفریق اور بے لوث خدمت کا درس دیتی ہے -بشپ الیگزینڈر جان ملک نے کہاکہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد حوصلہ افزاء اقدامات اٹھارہی ہے - انہو ں نے کہاکہ مذہبی احترام اور رواداری کے جذبات کے فروغ سے ہی قیام امن کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے ۔