جنرل مشرف کی نگرانی میں انتخابات اور وردی سمیت دوبارہ صدرمنتخب کرنا امریکی استعمار کے ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے ۔ قاضی حسین احمد

جمعرات 4 جنوری 2007 18:13

نوشہرہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین04جنوری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف اپنے مخصوص ایجنڈے کے تحت پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے اور کشمیر کو ہندوستان کے حوالے کرنے پر عمل پیرا ہیں کسی صورت استعماری قوتوں کے ایجنڈے کو پورا کرنے نہیں دینگے ان خیالات کا اظہار قاضی حسین احمد نے جمعرات کے روز نوشہرہ جماعت اسلامی مرکزی رابطہ دفتر میں ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا قاضی حسین احمد نے کہا کہ استعماری قوتیں عراق ، سعودی عرب ، ایران اور پاکستان میں مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کرانے کی کوشش پر عمل پیرا ہیں جس کے تحت ایک طرف عین عید کے مبارک موقع پر عراق میں صدام حسین کو پھانسی دی گئی اور سوچی سمجھی سازش کے تحت اس کی ویڈیو جاری کر کے شیعہ سنی تصادم کرانے کی راہ ہموار کی گئی دوسری طرف پاکستان میں اپنے نمک خواروں کے ذریعے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد دونوں اطراف بسنے والے قبائلی مسلمانوں کے سوشل تعلقات کو ختم کر کے تقسیم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے دور میں بھی یہ سرحد ہارڈبارڈر نہیں تھی بلکہ سافٹ بارڈر رہا لیکن امریکہ کے ایماء پر پرویز مشرف حکومت باڑ لگانے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے جس سے قوم تقسیم ہوگی انہوں نے کہا کہ امریکی استعمار کا یہ طریقہ سعودی عرب ، ایران اور عراق میں بھی دھرانے کا پروگرام ہے وقت کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے اس استعمال جال کوتوڑنے کیلئے جدوجہد کریں ، صدر پرویز مشرف کی نگرانی میں انتخابات میں شرکت کے حوالہ سے سوال کے جواب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ اس بارے میں فیصلہ سپریم کونسل کے اجلاس میں ہوگا گیارہ جنوری کے سپریم کونسل کے اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کی طرف سے ممکنہ استعفوں کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا تاہم میری ذاتی رائے یہ ہے کہ پرویز مشرف کی نگرانی میں انتخابات اور پرویز مشرف کو وردی سمیت دوبارہ صدرمنتخب کرنا امریکی استعمار کے ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے ۔