پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن ایک فعال ادارے کے طور پر ابھری ہے، وزیراعظم شوکت عزیز

جمعہ 5 جنوری 2007 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہاہے کہ تنظیم نو اور تشکیل نو کے بعد پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن ایک فعال ادارے کی حیثیت سے ابھری ہے اور اس کی معاونت اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کی تشکیل نو کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تنظیم نو اور تشکیل نو کے بعد پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن ایک فعال ادارے کی حیثیت سے ابھری ہے اوراس کی معاونت اورپیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مقررہ وقت میں منصوبے کی تکمیل کو سراہا اور کہا کہ جدید مشینری کی وجہ سے کارپوریشن نئے کرنسی نوٹ نئے فیچر کے ساتھ چھاپ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایس پی سی ایک قومی اثاثہ ہے اور یہ ملک کی اہم ضروریات پوری کر رہی ہے۔

انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ کارپوریشن کی معاونت کی صلاحیت میں اضافے کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیراعظم کوبتایا کہ نئی مشینوں اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے اب پی ایس پی سی عالمی معیار کے کرنسی نوٹ چھاپ رہی ہے اس کے علاہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور ٹکٹیں بھی تیار کی جا رہی ہے۔