اسمبلیاں مدت پوری کرینگی وفاقی وزراء ایوان میں حاضری یقینی بنائیں اور تیاری کرکے آئیں ، شوکت عزیز۔ صدرمشرف کی مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں سیاسی ماحول کو مزید ساز گار بنانا چاہتے ہیں ۔ جمہوریت مستحکم ہورہی ہے وزیراعظم سے چوہدری شجاعت حسین سپیکر قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی سمیت وفاقی وزراء کی ملاقاتیں۔۔مظفر حسین شاہ نے پیرپگاڑا کا پیغام پہنچایا

بدھ 7 فروری 2007 18:26

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07فروری2007 ) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرینگی عام انتخابات شیڈول کے مطابق شفاف اور غیر جانبدارانہ ہو ں گے ملک میں سیاسی نظام مستحکم ہورہاہے پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس میں زیادہ سے زیادہ قانون سازی کی جائے گی وفاقی وزراء  وزرائے مملکت اور پارلیمانی سیکرٹری ہر صورت میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور وقفہ سوالات میں تیاری کرکے آیا کریں انہوں نے یہ بات پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین قومی اسمبلی کے سپیکر چوہدری امیر حسین اور سندھ اسمبلی کے سپیکر مظفرحسین شاہ سے ملاقاتوں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں وزیراعظم شوکت عزیز نے کہاکہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مسلم امہ کے درمیان ہم آہنگی کی فضاء پیداکرنے کیلئے صدرمشرف نے جو کوششیں شروع کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور انہیں اسلامی امہ میں سراہا جارہا ہے وزیراعظم شوکت عزیز نے کہاکہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل چاہتا ہے اور اس مسئلے کے حل کیلئے صدر پرویزمشرف کی تجاویز اہم ثابت ہوں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی موجودہ فضاء کو مزید ساز گار بنانا چاہتی ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت کی بنیادیں مستحکم ہوسکیں وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات قابل مذمت ہیں اور دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم میں کمی نہیں آئے گی ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پربھی غور کیا گیا اور موجودہ اجلاس میں خواتین کو مزید حقوق دینے کے نئے بل سمیت دیگر قانون سازی کے ایجنڈے پر غور کیا گیا وزیراعظم اور چوہدری شجاعت حسین نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ ایوان میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور تیاری کرکے آئیں۔

بعدازاں قومی اسمبلی کے سپیکر چوہدری امیرحسین نے شوکت عزیز سے ملاقات کی جس میں سپیکر نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کے ایجنڈے اور کارروائی سے متعلق آگاہ کیا ۔ سپیکر نے وزراء کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے کہاکہ وفاقی وزراء کی ایوان میں دلچسپی کم ہوتی ہے اور وقعہ سوالات میں تیاری کرتے نہیں آتے جس کی وجہ سے حکومت کو مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے اگر وفاقی وزیر حاضر نہ ہوں تو وزیر مملکت یا پارلیمانی سیکرٹری کو ہر صورت میں تیاری کرکے آنا چاہیے یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اجلاس شروع ہونے سے دو منٹ قبل لابی میں وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریوں کو وفاقی سیکرٹری بریفنگ دے رہے ہوں۔

وزیراعظم نے سپیکر کو یقین دلایاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہو گی اور وفاقی وزراء کی حاضری ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی ۔ وزیراعظم سے قومی امسبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار یعقوب وزیرتعلیم لیفٹیننٹ جنرل(ر) جاوید اشرف قاضی پارلیمانی کے امور کے وفاقی وزیر ڈاکٹر شیر افگن نیازی اطلاعات ونشریات کے وزیرمملکت طارق عظیم خان داخلہ کے وزیر مملکت ظفراقبال وڑائچ پارلیمانی پارٹی کے چیف وہیپ سردارنصراللہ دریشک ارکان اسمبلی سردار طفیل اکرم گل مظہر قریشی نے بھی ملاقاتیں کیں اوراپنے حلقوں کے مسائل اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔

وزیراعظم سے سندھ اسمبلی کے سپیکر مظفر حسین شاہ نے بھی ملاقات کی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔وزیراعظم نے سندھ اسمبلی میں اچھا ماحول قائم رکھنے اور قانون سازی کے عمل کو احسن طریقہ سے انجام دینے پرسپیکر سندھ اسمبلی کی خدمات کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں برداشت کے سیاسی کلچر کو فروغ دے رہی ہے اور قومی مفادات کا ہر صورت میں تحفظ کیا جارہا ہے سیاسی جماعتوں کی مختلف ایشوز پر الگ الگ رائے کے باوجود انہیں قومی مفادات کو اولیت دینا چاہیے ۔مظفر حسین شاہ نے وزیراعظم شوکت عزیز کو مسلم لیگ فنکشل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا ۔