ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں پر ریاستی تشدد اور تاریخ کی بدترین دھاندلی قابل مذمت ہے ۔ آصف علی زرداری

اتوار 11 فروری 2007 17:29

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 11فروری2007 ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر آصف علی زرداری نے سندھ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں پر ریاستی تشدد اور تاریخ کی بدترین دھاندلی کی سخت مذمت اور گہرے غم وغصے کا اظہار کیا ہے ۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں آصف علی زرداری نے کراچی اور جام شورو میں پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی میں پارٹی کارکنان اور خاص طور پر خواتین پر حکومتی وزیروں اور اہلکاروں کی جانب سے کیے جانے والے سلوک اور فائرنگ کے واقعات کو جمہوری اقدار اور سندھ کے روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ جان کر بے حد دکھ اور اور صدمہ پہنچا کہ موجودہ سندھ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے جمہوری ، اخلاقی اور سندھ کی ثقافت کو بالائے طاق رکھ کر خواتین کی بے حرمتی ، تشدد اور ان پر فائرنگ کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی دوسری خواتین اراکین قومی اسمبلی کی طرح ان کی بہین ڈاکٹر عذرا پیجوہو پر بھی فائرنگ کی گئی اور گولیاں کی ان کی گاڑی کی ونڈ اسکرین اور باڈی پر لگیں جس سے وہ اور ان کے ڈرائیور معجزانہ طور پر بچ گئے جبکہ اطلاعات یہ ہیں کہ ڈاکٹر عذرا پیجوہو پر فائرنگ میں ایک صوبائی وزیر اور ان کے ذاتی و پولیس گارڈ ملوث ہیں ۔ انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنا ظلم کریں جتنا خود بھی برداشت کرسکیں ، اگر یہاں ہماری معزز خواتین محفوظ نہیں تو پھر وہ بھی اپنے آپ کو تصور نہ کریں اور ہمیں اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر مجوب نہ کیا جائے ۔