Live Updates

وکلاء نے ضمیر کی آواز پر لبیک کہہ کر قوم میں جوش و جذبہ پیدا کر دیا۔ عمران خان۔۔حکومت نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ساتھ جو کچھ کیا عدالتی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی

بدھ 14 مارچ 2007 19:37

اسلام آباد (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار14 مارچ2007) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جس ملک میں چیف جسٹس کو انصاف میسر نہیں وہاں عام آدمی کا کیا حال ہو گا۔ بدھ کے روز جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جج کسی قسم کے حکومتی دباؤ میں آئے بغیر اپنے چیف جسٹس کیساتھ اظہار یکجہتی کریں اور حق کی خاطر باطل کے سامنے ڈٹ جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس کو جس طرح ان کی رہائش گاہ سے نکلتے ہوئے پولیس کے ذریعہ روکا گیا اور ان کی تذلیل کی گئی اس کی عدالتی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ عمران خان نے ملک بھر میں زبردست احتجاج کرنے اور حکومتی دباؤ مسترد کرنے پر پوری وکلاء برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے ضمیر کی آواز پر لییک کہہ کر قوم میں جوش جذبہ پیدا کر دیا ہے اور ساتھ ہی عوام بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عدلیہ کے ادارہ کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے اٹھ کھڑی ہو اور وکلاء برادری کے شانہ بشانہ احتجاج میں شریک ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ حالیہ واقعات سے ثابت ہو گیا ہے کہ ملک میں انصاف سرے سے موجود ہی نہیں ہے اور ملک کی اصل ضرورت ہرسطح پر انصاف کی فراہمی ہے جو پاکستان تحریک انصاف کا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس زیادتی، ظلم اور آئین کی خلاف ورزی پر خاموش رہنا جرم ہے ہمیں حق کی بات کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو نہ صرف اپنے وکلاء سے مقدمات کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ صفائی کا موقع بھی نہیں دیا جا رہا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات