شریف الدین پیر زادہ نے بھی افتخار محمد چوہدری کیخلاف صدارتی ریفرنس میں حکومت کی جانب سے پیش ہونے سے انکار کر دیا

جمعرات 15 مارچ 2007 00:12

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 16مارچ 2007ء) معروف قانون دان سید شریف الدین پیرزادہ نے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے خلاف دائرصدارتی ریفرنس میں حکومت کی طرف سے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت کی جانب سے صدارتی ریفرنس میں پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے۔ شریف الدین پیر زادہ وزیر اعظم کے سینئر مشیر بھی ہیں اور ایک تجربہ کار وکیل کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سید شریف الدین پیرزادہ نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ انہوں نے صدارتی ریفرنس میں پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے۔ واضح رہے کہ شریف الدین پیرزادہ وزیر اعظم شوکت عزیز کے سینئر مشیر بھی ہیں۔اس سے پہلے تین مقدموں میں سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔سید شریف الدین پیرزادہ نے بتایا ہے کہ ایڈوکیٹ نعیم بخاری نے اپنے کھلے خط میں لکھا کہ جب وہ (شریف الدین پیرزادہ) جسٹس افتخارکی عدالت میں پیش ہوتے توان کا رویہ جارحانہ نہیں بلکہ فرمانبردانہ ہو جاتا ہے جبکہ میرے سمیت باقی وکیل ان کے جارحانہ رویے کا نشانہ بنتے ہیں۔