پاک افغان سرحد پر مہمند اقوام نے جوش و خروش سے یوم پاکستان منایا، فوجی حکام کی جانب سے تحائف تقسیم کئے گئے

جمعہ 23 مارچ 2007 20:04

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2007ء) پاک افغان سرحد پر آباد مہمند اقوام نے جوش و خروش سے یوم پاکستان منایا، فوجی حکام نے قبائلی عوام میں راشن اور مفت کاپیاں اور تحائف تقسیم کئے، اس موقع پر فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا تھا، تقسیم انعامات کی تقریب میں سینکڑوں قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاک افغان سرحد پر آباد مہمند اقوام خویزئی، بائزئی کے علاقے بھٹی قلعہ میں عوام نے بھٹی قلعہ کے مقام پر 15 بلوچ رجمنٹ کے ساتھ شانہ بشانہ یوم پاکستان منایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فوج کی طرف سے تقسیم انعامات کے علاوہ مہمند رائفلز اور آرمی کے جوانوں کے مابین والی بال میچ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ بھٹی کے مقام پر قبائلی عوام میں مفت راشن بھی تقسیم کیا گیا اور بچوں میں یوم پاکستان کی خوشی کے موقع پر کاپیاں اور دیگر تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ایک فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا تھا۔ تقریب سے خطاب کے دوران سابق رکن ایوان بالا اور ممتاز قبائلی رہنما حاجی عبدالرحمان نے کہا کہ افغانستان ہم پر الزامات لگانے کے بجائے خود اپنے حالات سدھارنے کی فکر کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام پاک آرمی کے شانہ بشانہ ملکی بقاء اور استحکام کیلئے بھر پور جدوجہد کا عہد کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :