فیفا کے صدر 26مارچ کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔سیپ بلیٹر اپنے دورہ کے دوران صدر پرویز مشرف اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ لاہور میں فیفا گول پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے ذرائع

ہفتہ 24 مارچ 2007 15:17

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24 مارچ 2007) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر سیپ بلیٹر 26مارچ کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر 26 مارچ بروز پیر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کریں گے جبکہ اس موقع پر وزیر کھیل میاں شمیم حیدر‘ صدر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن‘ صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن سید فیصل صالح حیات بھی شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کھیل کی سرگرمیوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے معاملات پر بات ہوگی فیفا کے صدر 26مارچ کو اسلام آباد میں پہنچ رہے ہیں 27مارچ کو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اسی روز شام کو لاہور میں فیفا گول پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے فیڈریشن کے حکام کے مطابق اس موقع پر کراچی پشاور اور اسلام آباد میں فیفا گول پراجیکٹ کا اعلان کیا جائے گا فیفا نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کھیل کے انفراسٹرکچر کی تیاری سرگرمیوں کے فروغ اور فیفا گول پروجیکٹ کیلئے دس لاکھ ڈالر کے فنڈز پاکستان کو فراہم کئے ہیں۔