ریلوے سٹیشن ماسٹروں سمیت دیگر ملازمین کے کیڈر کے گریڈ بڑھانے کا اعلان، ریلوے کاخسارہ تو ساری جائیداد بیچ کر ہی پورا ہوسکتا ہے ، شیخ رشید ،عدلیہ کے معاملات پر مس مینجمنٹ ہوئی ، وفاقی وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

پیر 26 مارچ 2007 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2007ء) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے ریلوے کے عالمی دن کے موقع پر ریلوے کے سٹیشن ماسٹروں سمیت دیگر ملازمین کے مختلف کیڈر کے گریڈ بڑھا دیئے ہیں اور اسٹیشن ماسٹرز کو خصوصی الاؤنس بھی دیئے جائیں گے جبکہ چار نئی ٹرینیں بھی شروع کی جائیں گی ریلوے خسارہ ختم کرنا انتہائی مشکل ہے اور یہ جائیداد بیچ کر ہی پورا ہوسکتا ہے ،عدلیہ کے حوالے سے معاملات ہماری مس مینجمنٹ سے خراب ہوئے جو درستگی کی طرف جارہے ہیں ، وہ پیر کو یہاں پی آئی اے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر رشید احمد چوہدری پریس کانفرنس میں موجود تھے شیخ رشید احمد نے کہا کہ انتہائی کم مدت میں ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں 25لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور ریلوے کو دو ارب روپے کا خرچہ ریونیو ملا ہے جس پر وزیر اعظم شوکت عزیز نے وزارت ریلوے کی درخواست پر ریلوے ملازمین کے بعض کیڈر کے گریڈ بڑھا دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پوائنٹ مین کا گریڈ 3سے بڑھا کر 5کر دیا گیا ہے ، شنٹنگ پوائنٹنگ 4سے 6، کیبن مین 5سے 8، شٹنگ ماسٹر 5سے 7، اسٹنٹ یارڈ ماسٹر اور گارڈ ون کا گریڈ 8سے 9کر دیا گیا ، یارڈ ماسٹر کا گریڈ بڑھا کر 10سے 12کر دیا گیا جبکہ اسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر اور اسٹیشن ماسٹر (گریڈ ون) کے گریڈ 12سے 13کردیئے گئے ہیں اور انہیں 80روپے روزانہ الاؤنس بھی دیا جائے گا ، اسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر (تھری) اسٹیشن ماسٹر (ٹو) کا گریڈ 14سے 15کر دیا گیا ہے اور انہیں 100روپے روزانہ الاؤنس دیا جائے گا ، شیخ رشید احمد نے کہا کہ 8ماہ کے اندر دوسری دفعہ ملازمین کے گریڈ بڑھائے گئے ہیں اور باقی ملازمین کے گریڈ بھی جلد بڑھا دیئے جائیں گے ، اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ تین ایکسپریس اور ایک مال گاڑی نئی چلائی جارہی ہے ، نشتر ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی ، پنڈی ایکسپریس لاہور راولپنڈی کے درمیان چلائی جائیں گی ، میانوالی ایکسپریس کے علاوہ فیصل آباد اور کراچی کے درمیان مال برادر گاڑی بھی چلائی جائے گی ، شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن کے احتجاجی غبارے کی ہوا نکل گئی ہے اور ایک دکان بھی بند نہ ہوئی ، صدارتی ریفرنس کا معاملہ عدالت میں ہے ، عدالت تاریخی فیصلہ کرے گی اورحق کی جیت ہوگی ، صدارتی ریفرنس کے بارے میں معاملہ ہماری مس مینجمنٹ سے خراب ہوا تھا جو اب درستگی کی طرف جارہا ہے انہوں نے کہا کہ نالہ لئی پر ایکسپریس وے کی تعمیر کے منصوبے پر مجموعی طورپر بائیس ارب روپے لاگت آئے گی اور ابتدائی طورپر سولہ ارب کی لاگت سے عمار چوک تک بنائی جارہی ہے جسے بعد ازاں سواں تک بڑھا دیا جائے گا ریلوے کے خسارے کے بارے میں ایک سوال پر شیخ رشید نے اعتراف کیا کہ ریلوے کا بھاری خسارہ ختم کرنا ان کے بس سے باہر ہے اور ریلوے کی جائیدادیں بیچ کر ہی پورا کیا جاسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :