چیف جسٹس کے وکلاء کو دھمکیوں اور عدالتی بحران پر کوریج پرنجی ٹی وی کو نوٹس کے خلاف اسلام آباد ایسوسی ایشن کی مذمتی قراردادیں منظور

پیر 23 اپریل 2007 14:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل۔2007ء) اسلام آباد ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے عدالتی بحران پر کوریج کے خلاف آج ٹیلی ویژن کوشوکاز نوٹس اورچیف جسٹس کے وکلاء کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے پیر کو ڈسٹرکٹ بار میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت بارایسوسی ایشن کے صدر ہارون رشید ایڈووکیٹ نے کی اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر اور بارایسوسی ایشن کے عہدیداران نے خطاب کیا آج ٹی وی کے حق میں منظور کی جانے والی قرار داد راجہ شفقت ایڈووکیٹ نے پیش کی جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکلاء کو دھمکیوں کے خلاف قرارداد چوہدری محمد اکرم ایڈووکیٹ نے پیش کی جسے شرکاء نے متفقہ طورپر منظور کرلیا قرارداد یں پیش کرتے ہوئے وکلاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس غیر قانونی،غیر آئینی اور غیراخلاقی نوٹس کوفوری طورپر واپس لے وکلاء برادری میڈیا کے ساتھ کندھا سے کندھا ملا کر میڈیا کے خلاف حکومتی اقدامات کادفاع کریگی وکلاء نے کہا کہ حکومت کے یہ اقدامات اس کی بوکھلا ہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور پیمرا کے اس اقدام کی وکلاء بھرپور مذمت کرتے ہیں وکلاء نے منیر اے ملک اورچیف جسٹس کے دیگر وکلاء کو دی جانے والی دھمکیوں کو ریاستی دہشت گری قراردیا۔