سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی دومئی تک ملتوی سماعت روکنے کی درخواست مسترد۔چیف جسٹس کو جبری رخصت پربھیجنے کا قانون آئین سے متصادم ہے۔ وکلاء کے دلائل

منگل 24 اپریل 2007 15:41

اسلام آباد( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار 24 اپریل 2007) سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس افتخار محمدچوہدری کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت دومئی تک ملتوی کردی ہے آئندہ سماعت مسلسل دودن ہوگی جبکہ کونسل نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی درخواست کی سماعت کے باعث اپنی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کردی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کے وکیل طارق محمود نے میڈیا کو بتایا کہ منگل کو سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں بحث کا بنیادی نقطہ صدرکی جانب سے چیف جسٹس کو جبری رخصتی پربھیجنے کا فیصلہ تھا طارق محمود نے کہا کہ 15 مارچ کو صدر مملکت نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو جبری رخصت پر بھیجنے کا قانون آئین سے متصاد م ہے انہوں نے کہا کہ فوجی حکمرانوں نے 1970 میں جبری رخصتی کا قانون اپنے ضرورت کے تحت لاگوکیاتھا انہوں نے کہاکہ دفاع کے وکلاء نے منگل کو بحث کے دوران سپریم جوڈیشل کونسل کے حوالے سے اپنے اعتراضات دہرائے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے نومارچ کو چیف جسٹس کو کام سے روکنے کے حکم پر بھی بحث کی گئی ہمارا موقف تھا کہ صدرکا یہ اقدام صحیح نہیں تھا سپریم جوڈیشل کونسل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہماراموقف ہے کہ یہ ادارہ کوئی حکم جاری نہیں کرسکتا بلکہ یہ صرف ایک تحقیقاتی ادارہ ہے انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل آئندہ سماعت 2 مئی کو شروع کرے گی جو تین تاریخ کو بھی جاری رہے گی۔