حکومت نے چیف جسٹس کے استقبال کو روکنے کیلئے ہمارے سینکڑوں کارکن گرفتار کئے، مسلم لیگ (ن)،میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور میں جسٹس افتخار محمد چوہدری کے شاندار استقبال کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اس لئے ہمارے کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعید رفیق، تہمینہ دولتانہ، چوہدری عابد شیر علی اور دیگر کی پریس کانفرنس

بدھ 2 مئی 2007 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2007ء) مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ 5 مئی کو لاہور میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا شاندار استقبال کرنے کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ حکومت نے لیگی اراکین کو استقبال سے روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں شروع کر دی ہیں اور اب تک سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز خواجہ سعید رفیق، تہمینہ دولتانہ، چوہدری عابد شیر علی، خواجہ آصف اور پرویز ملک نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعید رفیق نے کہا کہ لاہور میں چیف جسٹس کا شاندار استقبال کیا جائے گا لیکن اس استقبال کو خراب کرنے کیلئے صوبائی کی طرف سے حکومت ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جا رہا ہے جبکہ لاہور میں ہمارے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور اب تک یہ سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی لاہور آمد کے موقع پر لاہور کے عوام کا سمندر استقبال کیلئے امڈ آئے گااور اس عوام کو حکومت کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ چیف جسٹس کی لاہور آمد پر استقبال نواز شریف اور شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اس لئے ہمارے کارکنوں کو گھروں سے گرفتار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ چیف جسٹس کا لاہور آمد پر شاندار استقبال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں استقبال کو خراب کرنے کیلئے ہمارے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور ضلع کے ڈی پی او کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ سینکڑوں بے نام وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔