خودکش حملوں اور بارود سے بھری گاڑیوں کے ذریعے اہم شخصیات کو ٹارگٹ بنانے کی رپورٹس ملی ہیں، سیکرٹری داخلہ،چیف جسٹس سکیورٹی کے پیش نظر جی ٹی روڈ کے بجائے ہوائی جہاز کے ذریعے لاہور جائیں، سیکرٹری داخلہ کا سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو خط

جمعرات 3 مئی 2007 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مئی۔2007ء) وفاقی سیکرٹری داخلہ سید کمال شاہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد سے لاہور بذریعہ ہوائی جہاز جائیں، حکومت کو معتبر رپورٹس ملی ہیں کہ ملک کے مختلف حصوں میں خود کش حملوں اور بارود سے بھری گاڑیوں کے ذریعے اہم شخصیات کونشانہ بنایا جا سکتا ہے اور بڑے پیمانے پر ہلاکتیں کی جا سکتی ہیں، دہشت گردوں کی طرف سے اہم حکومتی عہدوں پر فائز شخصیات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، لہٰذا سکیورٹی کے حوالے سے ان حالات میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، جمعرات کو سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے نام لکھے گئے خط میں سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہمیں معلوم ہوا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری 5مئی کو جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور جائیں گے، اگرچہ وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت عوام اور اہم شخصیات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں اور اقدامات کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان حالات میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور دہشت گردوں کو اہداف تک رسائی حاصل نہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ مذکورہ بالا حالات کے پیش نظر چیف جسٹس سے فوری طور پر درخواست کی جا رہی ہے کہ سکیورٹی کومدنظر رکھتے ہوئے بذریعہ ہوائی جہاز لاہور جائیں ۔