چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کل لاہور جائیں گے، تیاریاں مکمل،استقبال کے موقع پر ممکنہ احتجاج کو ناکام بنانے کیلئے پنجاب کے اکثر علاقوں میں کریک ڈاؤن، سیاسی جماعتوں کے 15 سو سے زائد کارکن گرفتار

جمعہ 4 مئی 2007 14:12

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2007ء) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری آج لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کے لئے لاہور جائیں گے، اپوزیشن جماعتوں اور وکلاء نے راستے میں چیف جسٹس کے استقبال کے لئے تیاریاں مکمل کرلیں ادھر استقبال کے موقع پر ممکنہ احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے پنجاب کے اکثر علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے بارہ سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری آج ہفتہ کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کریں گے۔ چیف جسٹس جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور روانہ ہونگے تقریب کے لئے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تمام ججز کو دعوت نامے جاری کردیئے ہیں جبکہ تقریب کے لئے سکیورٹی لائحہ عمل بھی تشکیل دیدیا گیا ہے جس کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کارکن پنڈال میں داخل نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

تقریب میں صرف وکلاء شرکت کرسکیں گے۔ ادھر اپوزیشن جماعتوں اور وکلاء نے لاہور جاتے ہوئے راستے میں متعدد مقامات پر چیف جسٹس کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ دوسری جانب اس موقع پر ممکنہ احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے پنجاب کے اکثر علاقوں میں کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہا اور پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین، فیصل آباد، ساہیوال اور دیگر علاقوں سے پیپلز پارٹی، مجلس عمل، مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے پندرہ سو سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے جس میں پی پی پی کے ملک نسیم اور مسلم لیگ (ن) کے خالد محمود سمیت چار سرکردہ رہنما بھی شامل ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکرٹری داخلہ نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ سکیورٹی کے پیش نظر چیف جسٹس سڑک کے بجائے ہوائی جہاز پر لاہور کا سفر کریں۔ خط میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہے۔