کراچی کے واقعات پر اپوزیشن کا شدید احتجاج، حکوت کے خلاف نعرے بازی ،سینیٹ کا اجلاس 9جون تک ملتوی کردیاگیا۔اپوزیشن ارکا ن کی قائد حزب اختلاف رضا ربانی کی قیادت میں پارلیمنٹ گیٹ کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال

جمعہ 18 مئی 2007 12:41

اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار18 مئی2007) کراچی کے واقعات پر اپوزیشن کے احتجاج اور شدید نعرے بازی کے باعث مسلسل چوتھے روز بھی ایوان بالا کا اجلاس زیادہ دیر نہیں چل سکا اور چیئرمین نے اجلاس 9جون شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا۔اپوزیشن نے قائد حزب اختلاف رضا ربانی کی قیادت میں باہر آکرپارلیمنٹ گیٹ کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کی زیر صدارت ہوا تلاوت کلام پاک کے بعد نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر صفدر عباسی نے کہا کہ حکومت سانحہ کراچی کے مجرموں کو گرفتار کرنے کی بجائے ہمارے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے صدر وزیر اعظم نے کراچی میں تشدد کے واقعات کا کوئی نوٹس نہیں لیا اور نہ ہی اس مسئلہ کو سینیٹ میں زیر بحث لایاجارہا ہے اس دوران سینٹ میں قائد ایوان وسیم سجاد جونہی کھڑے ہوئے تو اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی کرتے ہوئے ڈیسک بجانے شروع کردیے اپوزیشن اراکین نے” گو مشرف گو“ ”ظالمو جواب دو خون کا حساب دو “” لاٹھی گولی کی سرکارنہیں چلے گی“” غنڈہ گردی نہیں چلے گی “کے نعرے لگائے جس پر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس 9 جون شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا اسی دوران سینٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی کی زیر قیادت متحدہ اپوزیشن کے تمام اراکین پارلیمنٹ سے باہر آگئے اور پارلیمنٹ گیٹ کے سامنے شاہراہ دستور پر علامتی بھوک ہڑتال کی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ ایوان میں متحدہ اپوزیشن کی نعرے بازی عوامی جذبات کی ترجمانی ہے اپوزیشن آئندہ کی حکمت عملی نو جون کو دوبارہ طے کرے گی انہوں نے کہا کہ اجلاس کو اتنا لمباملتوی کرنے کا مقصد یہ ہے کوئی شخص سینیٹ کو توڑ نہ سکے انہوں نے کہا کہ کراچی کے واقعات کی ذمہ دار وفاقی اور سندھ حکومت ہے ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری مستعفی ہوجائے اور قومی اتفاق رائے پر مشتمل ایک عبوری سیٹ اپ تشکیل دیا جائے جو90 دن کے اندر انتخابات کروائے رضاربانی نے مسلم لیگ ن کی طرف سے بلائی جانے والی اے پی سی کے حوالے سے کہا کہ ابھی تک مسلم لیگ ن نے ہم سے اس بارے میں کوئی مشورہ نہیں اور ہم آپس میں مشاورت سے ہی آل پارٹیز کی تاریخ طے کرینگے کیونکہ حالات کا تقاضا ہے کہ اے آر ڈی کو ہر صورت قائم رکھا جائے انہوں نے کہا کہ جب مشرف اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب ہو نے کا اعلان کرینگے تو متحدہ اپوزیشن میں اپنی حکمت عملی طے کرے گی اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں پارٹی قیادت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پیپلزپارٹی والوں سے اے پی سی کے بارے میں رابطہ کریں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اے پی سی کا حصہ ہے اور ہم افہام وتفہیم ہے اس آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ طے کریں گے بھوک ہڑتال میں ایم ایم اے کے سنیٹر خالد سومرو ،سینیٹر ساجد میر سینیٹرپروفیسر ابراہیم اور سینیٹرشاہد بگٹی کے علاوہ اپوزیشن کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔