آئندہ انتخابات مقررہ و قت پر ہونگے، اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، صدر مشرف ،مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں آپس میں اتحاد و یکجہتی کی فضا برقرار رکھیں ، اجلاس سے خطاب ،میڈیا کو مکمل آزادی حاصل ہے، قومی اداروں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیراعظم شوکت عزیز

بدھ 6 جون 2007 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جون۔2007ء ) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات اپنے مقررہ و قت پر ہونگے، اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں آپس میں اتحاد و یکجہتی کی فضا برقرار رکھیں تاکہ الیکشن میں زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ (ق) اور اس کی اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں وزیر اعظم شوکت عزیز نے بھی خطاب کیا ۔ ذرائع کے مطابق صدر جنرل پرویز مشرف نے مسلم لیگ (ق) اور اتحادی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ بھرپور انداز میں الیکشن کی تیاری کریں اور آپس میں اتحاد و یکجہتی کی فضا برقرار رکھیں تاکہ الیکشن میں زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں اور انتہا پسندوں کو شکست دی جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی،الیکشن میں اعتدال پسند قوتوں کی کامیابی ملک و قوم کے مفاد میں ہے صدر نے کہاکہ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس ایک آئینی اور قانونی معاملہ ہے جس پر اپوزیشن سیاست چمکانے اور انتشار پھیلانے کی کوششیں کررہی ہے جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ۔

صدر نے کہا کہ ملک کے سیاسی نظام کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور عوا م کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے موجودہ بجٹ میں مثبت فیصلے کئے جانے چاہئیں تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں کمی آ سکے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شوکت عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجود ہ حکومت نے برداشت اور رواداری کی سیاست کا کلچر متعارف کر ایا ہے ۔اور تمام اہم فیصلے اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کئے جاتے ہیں جبکہ ہم اپوزیشن کو بھی ساتھ چلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور اب بھی ان سے کہتے ہیں کہ ملک کی تعمیر وترقی اور عوامی بہبود کی پالیسیوں میں حکومت کا ساتھ دے تاکہ اس ملک کے عوام خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں ۔

شوکت عزیز نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دور میں ملک کی معیشت نے بھرپور ترقی کی ہے اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں کار کر دگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریں گی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا ۔جس میں تمام طبقات خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں میڈیا کو ہر طرح کی آزادی حاصل ہے اور موجودہ حکومت کی طرف سے میڈیا کو جو آزادی دی گئی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی تاہم قومی اداروں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق صدر جنرل پرویز مشرف نے اجلاس کے دور ان بتایا کہ وہ جمعرات کو ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کریں گے ۔ توقع ہے کہ اپنے خطاب میں صدر ملک کی موجودہ صورتحال اور بجٹ کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیں گے ۔