کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک کو تباہ کرنیوالے سب سے خطرناک وائرس کی دریافت، اب تک اس کا توڑ دریافت نہیں کیا جاسکا ہے

بدھ 25 جولائی 2007 12:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2007ء) جدید ٹیکنالوجی کے جہاں بے شمار فوائد ہیں وہاں اس کے بے شمار نقصانات بھی ہیں۔ کمپیوٹر صارفین کو اب کمپیوٹر استعمال کرتے ہوئے بہت محتاط رہنا پڑے گا کیونکہ مائیکرو سافٹ کے مطابق ایک ایسا وائرس دریافت ہوا ہے جو اب تک کا سب سے خطرناک وائرس ہے۔ یہ وائرس ’’انویٹیشن’’ نامی ای میل کے ذریعے ان باکس میں آجاتا ہے اور یہ میل کھولنے پر کمپیوٹر میں گھس جاتا ہے اور کمپیوٹر کی ہارڈ‌ ڈسک کو مکمل طور پر تبا ہ کردیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ وائرس کمپیوٹر کے تحفظ کے لیے سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی میکافی نے دریافت کیا اور بتایا ہے کہ فی الحال اس کا توڑ ان کے پاس موجود نہیں ہے۔ یہ وائرس کمپیوٹر صارفین کے پاس میل باکس کی ایڈرس بک میں محفوظ کسی بھی ایڈرس سے ’’انویٹیشن’’ نامی ای میل میں آتا ہے اور میل کھولنے پر کمپیوٹر کی ہارڈ‌ ڈسک کے زیرو سیکٹر کو تباہ کر دیتا ہے جس سے کمپیوٹر مکمل طور ناکارہ ہوجاتا ہے۔مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ یہ وائرس اب تک دریافت ہونے والے وائرسوں میں سب سے خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والا وائرس ہے۔