ایران دنیا کا9 واں ایٹمی ملک بن چکا ہے ، محمود احمدی نژاد کا انکشاف

جمعرات 26 جولائی 2007 19:35

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2007ء) ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران دنیا کا نواں ایٹمی ملک بن گیاہے ، ایران کے صدر احمدی نژاد نے گزشتہ روز تہران میں اپنے ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کا نواں ایٹمی ملک بن چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ پرامن ایٹمی توانائی کا حصول ہی ہمارا قانونی حق ہے جو حاصل کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ، مغربی ممالک کی طرف سے یورینیم افزدوگی روکنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم یورینیم کی افزودگی کے مرحلے کو عبور کر چکے ہیں ، انہوں نے ایران کیخلاف حملے کی دھمکیوں کو نفسیاتی مسئلے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران مخالف قوتوں میں اتنی جرات ہوتی تو یہ اب تک خاموش نہ بیٹھتے ، انہوں نے کہا کہ دنیا کی رائے عامہ ایران کے ایٹمی پروگرام کی حمایت کررہی ہے ، اس کی وجہ سے مغربی قوتیں خوفزدہ ہو کر مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہیں جس میں انہیں منہ کی کھانا پڑ رہی ہے ، احمدی نژاد نے کہا کہ ایرانی حکومت کو ایران کی عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے اور حکومت عوامی خواہش کے پیش نظر ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے اقدامات کرتی رہے گی