کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی‘ حریت کانفرنس میں دھڑے بندی ختم ہونی چاہئے۔ پاکستان۔۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں‘ پاکستانی ہائی کمشنر کی حریت وفد سے گفتگو

جمعرات 6 ستمبر 2007 12:35

نئی دہلی (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06ستمبر2007) پاکستان نے حریت کانفرنس کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے‘ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے‘ حریت دھڑوں کو اختلافات ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئے‘ پاک بھارت جاری مذاکرات کے نتیجے میں خطے میں ماحول بہتر ہوا ہے‘ بھارتی قیادت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں‘ ریاست کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں‘ صدر جنرل پرویز مشرف کی تجویز سے مسئلہ کشمیر کو آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے گزشتہ روز یہاں حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال خاص کرکے خطے میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا حریت وفد کئی گھنٹوں تک پاکستانی ہائی کمشنر کے ساتھ رہا ملاقات کے بعد حریت کانفرنس کے چیئرمین عمر فاروق نے بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا تھا انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق حل کیا جائے اس حوالے سے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔

ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر نے حریت وفد سے کہا کہ وہ آپس کے اختلافات ختم کرکے متحد ہوں حریت کانفرنس میں دھڑے بندی سے تحریک آزادی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ عمر فاروق نے کہا کہ شاہد ملک نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ پاک بھارت جاری مذاکراتی عمل میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حریت کانفرنس کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی تجاویز کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے حریت کانفرنس کے وفد نے پاک بھارت مذاکرات میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستانی ہائی کمشنر سے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے جاری امن اقدامات کو تیز کیا جائے حریت کانفرنس نے پاکستانی ہائی کمشنر کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس پر شاہد ملک نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے حریت کانفرنس کا وفد امریکہ یورپی یونین اور دیگر ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقات کریگا۔