ہماری اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کی رفتار تیز ہوئی ہے ۔چوہدری پرویز الٰہی۔۔پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ‘یہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے ‘پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لائیو سٹاک ، زراعت ، صنعت اور دیگر شعبوں میں اقتصادی و تجارتی تعلقات انتہائی مضبوط ہوئے ہیں ‘ وزیر اعلیٰ کی آسٹریلوی ہائی کمشنر ز وریکا میکارتھی سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 6 ستمبر 2007 18:54

لاہور(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06ستمبر2007) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہماری اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کی رفتار تیز ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے او ریہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی مضبوطی ہماری پالیسی کا اہم حصہ ہے اس لئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹس میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو انتظامی امور سونپے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لائیو سٹاک ، زراعت ، صنعت اور دیگر شعبوں میں اقتصادی و تجارتی تعلقات انتہائی مضبوط ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پر امن اور ترقی پسند ہیں اور مثبت انداز سے سوشل ڈویلپمنٹ کے عمل کو مضبوط کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز ایوان وزیر اعلی میں پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر ز وریکا میکارتھی(ZoricamcCarthy) سے ملاقات کر رہے تھے ۔

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری اقتصادی پالیسیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور تحفظ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں جس کی بدولت عالمی مالیاتی اور اقتصادی اداروں کی طرف سے یہاں سرمایہ کاری کا رحجان بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اورغربت کی شرح میں کمی آ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں سافٹ ویئر انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جا رہا ہے جو کمپیوٹر سائنس گریجوایٹ، سافٹ ویئر ڈویلپر ، نیٹ ورک انجینئرز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت سے وابستہ افراد کو روزگار کے وسیع مواقعوں کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر پارک میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس پارک میں بزنس پراسیس سنٹرز ، ٹیلی میڈیسن اور کال سنٹر قائم کئے جائیں گے جس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عالمی سطح پر رابطوں کا عمل مضبوط ہو گا اور سالانہ اربوں روپے کی اقتصادی سرگرمیاں ہوں گی اور اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا عمل تیز ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی او رپی اینڈ ڈی کے ماہرین نے یورپ اور دیگر ممالک میں سافٹ ویئر انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے بارے شعور کی بیداری کے حوالے سے سیمینار منعقد کئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان سیمینارز میں بیرونی سرمایہ کاروں نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ پبلک سیکٹر میں سیٹلائیٹ ہب کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں اطلاعات کی فراہمی کا نظام قائم ہو گیا ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید وسعت آ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانی وہاں کے سماجی ترقی کے شعبوں میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات بھر پور طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا خواہاں ہے ۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو مضبوط کر رہا ہے ۔ پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر زوریکامیکارتھی نے کہا کہ آسٹریلیا او رپاکستان کے درمیان مضبوط بنیادوں پر قائم تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی آسٹریلیا کے تعلیمی اداروں میں ہائیر ایجوکیشن کے مواقعوں سے استفادہ کر رہے ہیں ۔