فضل الرحمن سے سمجھوتہ نہیں ہوا ، وہ ملک کیلئے جو بہتر سمجھتے ہیں کررہے ہیں ، محمد علی درانی،جمہوریت کی رو سے اپوزیشن کو بھی اپنا صدارتی امیدوارکھڑا کرنا چاہئے ،کراچی میں گفتگو

ہفتہ 22 ستمبر 2007 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2007ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے درجنوں بار استعفی دینے کا اعلان کیا ہے لیکن ایک بار بھی اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا،اگرکسی اپوزیشن جماعت نے استعفیٰ دیا تو عوام ان کو مسترد کردے گی ، محمد علی درانی نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اس وقت گھبراہٹ کا شکار ہے ا سلئے درست فیصلہ نہیں کر پارہی اور ہر معاملے پر ان میں اختلاف پایا جاتا ہے ، نام نہاد اتحادمیں شامل جماعتوں میں کوئی اتحاد نظر نہیں آتا اور وہ انتشار کاشکار ہیں ۔

اس وقت ملک وقوم کیلئے دانشمندی سے فیصلوں کی ضرورت ہے ، جس سے اپوزیشن قیادت عاری دکھائی دیتی ہے ، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی رو سے اپوزیشن کو بھی صدارتی انتخابات میں اپنا امیدوار کھڑا کرنا چاہئے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا تاہم وہ ملک کیلئے جو بہتر سمجھتے ہیں کررہے ہیں ،سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نواز شریف معاہدے کے تحت وطن واپس نہیں آسکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، عمران خان کیس میں الیکشن کمیشن کی تعریف کرنے والے اب اسے متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل او ر ملکی مفاد میں قانون سازی چاہتے ہیں اور نمائندوں کو منتخب کرنے کا یہی مقصد ہوتا ہے ۔ استعفوں اور شور شرابے کی سیاست کا دور گزر چکا ہے ،عوام ایسی کوشش کرنے والوں کو مسترد کردیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن درجنوں مرتبہ استعفےٰ دینے کا اعلان کرچکی ہے لیکن اس اعلان پر ایک بار بھی عملدرآمد نہیں ہوسکا ۔