ہم عوام اور فوج کی جنگ میں دوبارہ بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے ۔نواز شریف۔۔۔عوام الیکشن نہیں ریفرنڈم کریں اور شیر کو ووٹ دے کر ملک کو بچائیں،گوجر خان میں جلسہ سے خطاب

جمعرات 27 دسمبر 2007 18:37

گوجرخان ( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 27. دسمبر2007 ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم عوام اور فوج کی جنگ میں دوبارہ بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے عوام اس دفعہ الیکشن نہیں ریفرنڈم کریں اور آٹھ جنوری کو شیر کو ووٹ دے کر اپنے ملک کو بچائیں۔مشرف کو صدر مان لیتا تو والد کو کندھا دینے پاکستان آگیا ہوتا انہوں نے سولہ کروڑ عوام کے نمائندہ کو ملک بدر کیا، محسن پاکستان کو نظر بندکردیا اور پانچ پانچ سال کی بچیوں کو شہید کیا ججوں کو برطرف کر دیا گیا یہ صورتحال قبول نہیں کی جا سکتی، جمعرات کو یہاں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ مجھے یاد آرہا ہے کہ میں وزیراعظم تھا تو میں گوجرخان آیا تھا تب میرا اس طرح والہانہ استقبال نہیں کیا گیا تھا جو آج کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ میرا چوہدری ریاض اور گوجرخان کے ساتھ دل کا رشتہ ہے جو 1985 سے میرا جانثار ساتھی ہے انہوں نے کہا کہ بیگم نواز شریف کا جس طرح گوجرخان کی لوگوں نے استقبال کیا تھا مجھ پر گوجرخان والوں کا قرض ہے اور میں انشااللہ اس قرض کو اتاروں گا انہوں نے کہا کہ آٹھ سال تک مشرف میرے خلاف کیس ڈھونڈتا رہا مگر کامیاب نہ ہو سکا جب کچھ نہ ملا تو میرے لاہور والے گھر پر قبضہ کر لیا جو اب ہم نے چھڑوا لیا ہے میاں نوازشریف نے کہا کہ میں نے اس وقت بھی مشرف کو صدر نہیں مانا اگر مانتا تو میں اپنے والد مرحوم کی میت کو کندھا دینے ضرور پاکستان آتا انہوں نے کہا کہ سولہ کروڑ عوام کا نمائندہ جس کو ایک آدمی اپنی کرسی کے لیے ملک بدر کر دیتا ہے جس نے محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر خان کو نظر بند کیا اور اپنی کتاب لکھ کر ڈاکٹر قدیر کو دنیا کی نظر میں مجرم قرار دے دیا ججوں کو برطرف کر دیا جس سے ہم پوری دنیا میں بدنام ہوگئے لال مسجد میں پانچ پانچ سال کی بچیوں کو شہید کیا انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم والوں نے پانچ لاشیں گرائیں اور ادھر صدر مشرف کہہ رہے تھے کہ یہ ہے۔

(جاری ہے)

اصل طاقت ،حکومت کی طاقت ۔ہم عوام اور فوج کی جنگ میں دوبارہ بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے عوام اس دفعہ الیکشن نہیں ریفرنڈم کریں اور آٹھ جنوری کو شیر کو ووٹ دے کر اپنے ملک کو بچائیں انہوں نے کہا کہ ہم نے یلو کیب لوگوں کو دیں ہم نے موٹروے بنایا اور ہمارے دور اقتدار میں ہمارا وطن ایٹمی طاقت بنا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار میں ایک روپے کی روٹی اب چار روپے میں فروخت ہو رہی ہے سات روپے کلو بکنے والا آٹا چوبیس روپے سولہ روپے کلو والی چینی تیس روپے اور گھی پچاس روپے کے بجائے ایک سو دو روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے یہ ہوئی ہے ترقی(ق) لیگ کے دور حکومت میں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وزارت عظمی سے زیادہ عوام سے محبت ہے اس دفعہ پھر شیر کی کامیابی ہو گی اور انشااللہ ہم اسی طرح عوام کے خادم رہیں گے۔میاں محمد نواز شریف جمعرات کو دن ایک بجے گوجرخان پہنچے تو گوجرخان کی عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیااور اپنے لیڈر کو آٹھ سال بعد آمد پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا عوامی جلسے میں راجہ ظفرالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف شہیدوں کی سرزمین کو سلام پیش کرنے آئے ہیں اور آج اس جم غفیر نے ثابت کر دیا ہے کہ آٹھ سال بعد بھی گوجرخان کے لوگ میاں نوازشریف کے ساتھ اسی طرح محبت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس ملک کی فوج صرف سرحدوں کی حفاظت کرے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام اور فوج کی دشمنی بلوچستان سے صوات تک پھیل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبے اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ نوازشریف اقتدار میں آکر یہ دشمنی ختم کروائے چوہدری محمد ریاض نے کہا کہ ہم نے اس وقت بھی بیگم کلثوم نواز کا اسی طرح جلسہ کروایا تھا جس وقت مشرف کی طوطی بولتی تھی۔وہ نوازشریف ہی تھا جس نے مخالف ملک کے پانچ دھماکوں کے جواب میں سات ایٹمی دھماکے کیے تھے مسز تنویر شیرازی کو خوتین کی سپیشل سیٹ پر ٹکٹ دینے پر ہم میا ں نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں نوازشریف کو دعوت خطاب پر لوگوں نے میاں نوازشریف کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔