مسلم لیگ (ق) کے صوبائی نائب صدر شاہدریاض ستی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا، مسلم لیگ نواز میری اصل جماعت ہے کچھ سیاسی تنازعات کی وجہ سے اپنے گھر سے باہرتھا،واپس آ گیا ہوں، پریس کانفرنس

ہفتہ 2 فروری 2008 23:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی سیکرٹری اور پنجاب کے نائب صدر شاہدریاض ستی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا جبکہ مسلم لیگ نواز کے چیئر مین راجہ ظفر الحق نے کہاہے کہ 18فروری کو عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو 19فروری کو تحریک چلائیں گے، ملک میں خانہ جنگی اور انارکی کے حالات پید اہوئے تو اس کے ذمہ دار صدر مشرف ہونگے ہفتہ کو مسلم لیگ نواز کے مرکزی سیکریٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دور ان شاہد ریاض ستی نے (ق) چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ نواز میری اصل جماعت ہے کچھ سیاسی تنازعات کی وجہ سے اپنے گھر سے باہرتھا لیکن اب واپس آ گیا ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں صاف شفاف انتخابات بنیادی ضرورت ہے آزادانہ الیکشن کمیشن اور قومی حکومت بنائی جائے انہوں نے کہاکہ حالات ایسے ہیں کہ مسلم لیگ نواز اور دیگر جماعتیں انتخابات میں اس لئے حصہ لے رہی ہیں تاکہ میدان کھلا نہ چھوڑا جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اشفاق سرور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔مسلم لیگ نواز کے چیئر مین راجہ ظفر الحق نے کہاکہ موجودہ دور جدو جہد کا دور ہے اور جو لوگ ملک میں آمریت سے نجات حاصل کر نے کی جدو جہد میں ہمارے ساتھ شریک ہورہے ہیں انہیں خوش آمدیدکہتے ہیں ملک مسائلستان بن چکا ہے اور ہر قسم کے بحران سے گزر رہا ہے ان کا حل ملک میں صحیح جمہوریت اور صاف شفاف انتخابات ہیں انہوں نے کہاکہ آٹا، بجلی گیس بحرانوں کے ساتھ ساتھ ملک بھرمیں مارا ماری بھی جاری ہے سویلین اور آرمی کے درمیان جھڑپیں ہورہی ہیں سویلین جاں بحق یا سکیورٹی فورسز، اس سے نقصان پاکستان کا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر عوام کی آرمی کو مکمل سپورٹ حاصل نہ ہوتو وہ ملک کے دفاع کا فریضہ صحیح طرح ادا نہیں کرسکتی انہوں نے کہاکہ صدر مشرف نے بیرونی دوروں میں کہا ہے کہ انسانی بنیادی حقوق اور جمہوریت یورپین طرز کی پاکستان میں نہیں ہوسکتی یہ پاکستانی عوام کی توہین ہے ۔ پاکستان جدو جہد کی صورت میں وجود میں آیا اور اسی طرح قائم رہے گا انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے بارڈر، سرحد کے علاقے محفو ظ نہیں ہے مسلم لیگ کی جدوجہد ان لوگوں سے نجات حاصل کر نے کے لئے ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مشرف نے یورپی ممالک کے دورے پر کہا ہے کہ ہمیں بیرونی نہیں اندرونی خطرات ہیں، اب دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان کو داخلی خطرات ہیں تو ان کو تکلیف ہورہی ہے چار سال لال مسجد کے مسئلے کو طوالت دی گئی اپنے اقتدار کو قائم رکھنے کے لئے پاکستان کو داؤ پر لگا دیا ۔تین ماہ تک اعتزاز احسن اور دیگر وکلاء کو نظر بند رکھا گیا اور ریویو بورڈ کے بغیر ہی ان کی نظر بندی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے اور ان کے سندھ داخلے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے ۔

جبکہ جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود کو ہسپتال میں جانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی ۔ان مسائل کے ذمہ دار صدر مشرف ہیں اگر انہیں پاکستان سے پیار ہوتا یا ان معاملات کی اصلاحات کرتے یا الگ ہوجاتے ؟انہوں نے کہاکہ اے پی ڈی ایم میں شامل اور دیگر جماعتیں بار بار کہہ چکی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوگی اور اس کیلئے سر کاری مشینری کو بھی استعمال کیا جارہا ہے اس کے باوجود عوام کی طاقت سے دھاندلی کو ناکام بنادیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے آئین میں ترمیم کی تھی کہ کوئی آدمی فلور کراسنگ کرے تو اس کی سیٹ ختم کر دی جائے گی لیکن موجودہ حکمرانوں نے آئین میں ترمیم کر کے اپنے مفادات کی خاطر آئین کو مسخ کر دیا ۔

انہوں نے کہاکہ اگر اٹھارہ فروری انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو 19فروری کو حکومت مخالف تحریک چائیں گے۔اگر ملک میں انارکی اور خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری صدر مشر ف پر عائد ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :