عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی حکومت کے لیے بڑاچیلنج ہے۔سومرو۔۔۔ انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کیلیے الیکشن کمیشن کوہرممکن ضروری مددفراہم کی جائے گی،انڈونیشین وفد سے گفتگو

ہفتہ 16 فروری 2008 16:46

اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین16 فروری2008 ) نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ حکومت منصفانہ ،آزادانہ اور شفاف انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کے لیے تمام ضروری مددفراہم کرے گی عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی حکومت کے لیے بڑاچیلنج ہیں کسی کورکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر قیمت پر امن کویقینی بنایاجائے گا۔

ہفتہ کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے انڈونیشیا کے میڈیا کے وفد سے بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ مذہب اور اقدار کی بنیاد پر قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ پارلیمانی اور میڈیا وفود کے تبادلے سے ان تعلقات کو فروغ ملے گاعوامی رابطوں سے مفاہمت پیداہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اور میڈیا اس ضمن میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات بروقت ہوں گے اور حکومت الیکشن کمیشن کو تمام ضروری امداد فراہم کرے گی عام انتخابات میں سب سے بڑے چینلجز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی آمد یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی سب سے بڑا چیلنج ہے حکومت انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گی حکومت نے امن وامان ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عزم کررکھا ہے اور کسی کو امن تباہ نہیں کرنے دیاجائے گا۔

انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے بارے میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ کہ نگران حکومت مکمل طورپر غیر جانبدار ہے اور ملک میں قابل اعتماد انتخابات کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومت نے انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کے لیے غیرملکی مبصرین اور میڈیا کے نمائندوں کو دعوت دی ہے تاکہ وہ خود ان کی شفافیت کا جائزہ لے سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب تک 3 ہزار سے زائد مبصرین کو ویزے جاری کیے جاچکے ہیں اور ان کی سہولت کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ شفاف بیلٹ بکس استعمال کیے جارہے ہیں مل میں میڈیا کی ترقی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں محمدمیاں سومرو نے کہا کہ ملک میں فعال پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ پچاس سے زائد نجی ٹی وی چینلز آزادی سے چل رہے ہیں حکومت ذمہ دار میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے ساز کار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران میڈیا کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ میڈیا چیک رکھتا ہے اور عوام کو قومی اہمیت کے امورپراطلاعات فراہم کرتا ہے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسئلے کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ ایک عالمی مسئلہ اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے پاکستان اس چیلنجز سے نمٹ رہا ہے اور اس نے اس لعنت کے خلاف جنگ میں مضبوط عزم کامظاہرہ کیا ہے کوئی مذہب بھی دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا اس لیے مذہب کے نام پر انتہاپسند عناصر کوئی جگہ نہیں بناسکتے حکومت خاص طورپرالیکشن کے رو ز ان پرنظررکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرے گی ایک اور سوال کے جواب میں نگران وزیر اعظم نے سینٹ کے طریقہ کار اور انتخابی عمل کے بارے میں وفدکو تفصیلات سے آگاہ کیا وفد نے حکومت پاکستان کی طرف سے کیے گئے انتظامات کی تعریف کی اور کہا کہ وہ پاکستان میں میڈیاکی آزادی سے بہت متاثرہوئے ہیں۔

وفد نے وزیر اعظم کو بتایاکہ ان کے ملک میں سیکورٹی کے باعث انتخابی سرگرمیاں شام چھ بجے کے بعد نہیں ہوتیں۔

متعلقہ عنوان :