شہباز شریف کی ڈائنامک لیڈر شپ کے تحت پنجاب کے عوام مصیب کی گھڑی میں سرحدکے عوام کے ساتھ ہیں ، صوبائی وزیر

ہفتہ 30 اگست 2008 20:09

اٹک(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین30اگست2008 ) صوبائی وزیر محصولات و آبکاری میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ڈائنامک لیڈر شپ کے تحت حکومت پنجاب اور پنجاب کے عوام مصیب کی اس گھڑی میں صوبہ سرحد کی عوام کے ساتھ ہیں انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر سے باجوڑ آپریشن کے متاثرین میں اشیائے ضروریہ کے 31ٹرک وزیر اطلاعات و بین الصوبائی رابطہ صوبہ سرحد میاں افتخار حسین کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کامران شفیع ، ڈی سی او نوشہرہ روح اللہ، ڈی سی او اٹک ثاقب ظفر، ڈی پی او اٹک محمد وصال فخر سلطان راجہ اور ضلع اٹک و صوبہ سرحد کے سرکاری افسران کی بھاری تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ باجوڑ آپریشن سے وہاں کے معصوم عوام کو جو تکلیف پہنچی ہے بحیثیت بڑے بھائی صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے اسے شدت سے محسوس کیا اور اسی جذبے کے تحت آج صوبہ پناجب سے اشیائے ضروریہ کے 31ٹرک صوبہ سرحد کے عوام کو بھجوائے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ انشاء اللہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے امریکہ کی خوشنودی کے لئے جو سلسلہ چلایا تھا اس میں معصوم عوام کو جو تکلیف پہنچی ہے اس کا ہمیں بہت دکھ ہے لیکن ہمیں قوی امید ہے کہ اے این پی کے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں حالات بہت جلد بہتر ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ کے زریعے اس مسئلہ کے حل کے لئے ہمارے قائد میاں برادران حکومت سرحد کے ساتھ ہیں صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ صوبہ سرحد کے عوام وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس ہمداردانہ رویے کی قدر کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ اگر خدانخواستہ کبھی پنجاب پر برا وقت آیا تو صوبہ سرحد اس کے ساتھ ہوگا۔

صوبہ سرحد اس وقت مصیبت کی گھڑی میں ہے اور گزشتہ 33سال سے ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے اثرات آج نمایاں ہو رہے ہیں باجوڑ کے عوام کسی قدرتی آفات کی وجہ سے گھر باہر چھوڑنے پر مجبور نہیں ہوئے انہیں درپیش یہ مصیبت اپنوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں بھگتنا پڑ رہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ خواب غفلت سے بیدار ہو جائیں ورنہ یہ آگ جو آج ہمارے صوبے میں لگی ہے ملک کے دیگر صوبوں کے دامن میں بھی لگ جائے گی کافر لوگ امن معائدے کے خلاف ہیں بین الا قوامی اور وطن عزیز کی بھی بعض قوتیں اور لوگ امن معائدے میں رکاوٹ کا سبب بن رہے ہیں آپریشن کے نتیجے میں ہمارا پورا نظام تباہ ہو چکا ہے لڑکیوں کے سکول اڑانا شر پسندوں کا مشغلہ ہے جس سے پوری دنیا کو یہ تاثر مل رہا ہے کہ ہم جاہل لوگ ہیں پختونوں کا تاثر غلط دیا جا رہا ہے ہم اس مصیبت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے سرحد حکومت عوام کے بھرپور مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے اور اگراپنے لوگوں کو مصیبت سے نکالنے کے لئے ہمیں اپنی گردنیں کٹوانی پڑیں تو ہم اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے ملک میں جو پالیسیاں اور سازشیں ہو رہی ہیں اس کے خلاف ہمارا ساتھ دیں کیونکہ یہ صرف سرحد کی جنگ نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء کی لڑائی ہے انہوں نے سرحد کے وزیر اعلیٰ اور حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پنجاب کی عوام کا شکریہ ادا کیا وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کامران شفیع نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف مصیبت کی اس گھڑی میں پنجاب کے عوام کیساتھ صوبہ سرحد کی عوام سے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور ہم ثابت کر دیں گے کہ ہم حقیقی معنوں میں بڑے بھائی ہیں ا س موقع پر مختلف اشیائے ضرورت میں آٹا، دال ، چینی، گھی پانی کے ٹرک صوبہ سرحد کے حکام کے حوالے کئے گئے