مولانا فضل الرحمن کی شہبازشریف سے ملاقات

پیر 1 دسمبر 2008 19:12

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01دسمبر2008) جمعیت علمائےاسلام (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کےمرکزی صدرو وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے پیرکو یہاں ملاقات کی۔ سوا گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہنے والی مذکورہ ملاقات کے دوران بھارت میں ہونیوالے حالیہ واقعات کے بعد اس کے پاکستان کے بارے میں جارحانہ رویہ،موجودہ ملکی، سیاسی، صوبائی صورتحال او دیگر اہم امورپر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات کے موقع پربارڈرزکی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے ممبئی میں ہونیوالی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہرشہری اس واقعہ کی نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ ایسے واقعات کو نفرت کی نگاہ سے بھی دیکھتا ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کو نشانہ بنانے سمیت اہم املاک کو نقصان پہنچانا اور دہشتگردی کو فروغ دیکرانتہاپسندانہ سرگرمیوں کو دوام بخشنا شامل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کی طرف سے اختیار کیا جانیوالا جارحانہ انداز افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ تو دہشت گرد ہے اور نہ ہی دہشت گردی کی کسی بھی صورت کو پسند کرتا ہے۔ اس لئے اگر کسی نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کی غرض سے پاکستان پر جبراًجارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیواربن کرمذکورہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیگی۔