جماعت الدعوة کے خلاف پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کارروائی ناکافی ہے،بھارت ۔۔ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو بھارتی عدالتی نظام کے سامنے پیش کیاجاناچاہیے۔۔ماضی میں پاکستان کو کئی بار ثبوت فراہم کیے گئے لیکن اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا،سیکرٹری خارجہ شیوشنکرمینن

جمعرات 1 جنوری 2009 16:23

نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01جنوری2009 ) بھارت نے کہا ہے کہ جماعت الدعوة کے خلاف پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کارروائی ناکافی ہے ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو بھارتی عدالتی نظام کے سامنے پیش کیاجاناچاہیے ماضی میں پاکستان کو کئی بار ثبوت فراہم کیے گئے لیکن اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا، جمعرات کو بھارت کے سرکاری ریڈیوکو دیے گئے انٹرویومیں سیکرٹری خارجہ شیوشنکرمینن نے کہاکہ پاکستان کو ممبئی حملوں کی سازش میں ملوث عناصر کیخلاف قابل اعتماد کارروائی کرنی چاہیے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کی پوری طاقت استعمال میں لائے اورانہیں بھارتی عدالتی نظام کاسامنا کرنے کیلئے پیش کیاجائے شیوشنکرمینن نے کہا کہ اگرچہ اس مرتبہ دنیا دہشتگردی کیخلاف پہلے سے زیادہ متحد ہے لیکن جب تک پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کاانفراسٹرکچر مکمل طورپرختم نہیں کردیتااس وقت دہشتگردی کسی نہ کسی شکل میں جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ جماعت الدعوة نئے نام کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے اوراس کی ویب سائٹ بھی موجود ہے جبکہ فنڈز کی ترسیل کاعمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اس بات کی ضمانت دینی چاہیے کہ اس کی سرزمین سے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کے کسی بھی ملک کیخلاف دہشتگردانہ حملے نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردوں اور دہشتگردگروپوں کیخلاف کارروائی سے توجہ ہٹانے کیلئے پراپیگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہے پاکستان کی طرف سے مشترکہ تحقیقاتی کمیشن کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے شیوشنکرمینن نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کو کئی مرتبہ ثبوت فراہم کیے گئے لیکن کوئی نتیجہ برآمدنہیں ہوا انہوں نے کہا کہ مشترکہ انسداد دہشتگردی میکنزم کے بھی کوئی نتائج سامنے نہیں آئے۔