جوبائیڈن لوگر بل سیشن ختم ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکا،چند روز میں دوبارہ پیش کیا جائیگا ، حسین حقانی

ہفتہ 31 جنوری 2009 11:19

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31جنوری2009 ) امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پندرہ ارب ڈالر امداد کیلئے جوبائیڈن لوگر بل ایوان نمائندگان کے سیشن کی مدت ختم ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکا ہے اور اب ایوان نمائندگان میں یہ بل دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بل ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ نئے انداز میں نئے سرے سے پیش کیا جائے گا، پاکستان کی طرح امریکہ میں قانون سازی کا عمل ہے جس میں دیر ہوسکتی ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ جب تک امریکی انتظامیہ میں پاکستان کے حامی موجود ہیں،امداد کے بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،پاکستان کیلئے امداد کا بل چند ہفتوں میں منظور ہونیکاامکان ہے۔ سفیر حسین حقانی نے کہا کہ امریکہ جب تک پاکستان کو دوست سمجھتاہے امداد بند نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

بائیڈن لوگر بل ختم نہیں ہوا، چندروز میں نئے متحرکین کے دستخط کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

اب تک اس بل کی منظوری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں اکثریت پاکستان پر زیادہ پابندیاں لگانے کے حق میں نہیں۔ امریکی صدر بارک اوباما بھی بائیڈن لوگر بل کی حمایت کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس کو وقت نہیں ملا کہ بائیڈن لوگر بل کے ایجنڈے پر بحث کرتی۔ تاہم ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ پاکستان کیلئے بل کی منظوری نہیں ہوئی، یہ بل سینیٹ کی کمیٹی میں پیش کیا گیا تھا اب یہ بل چند روز میں کانگریس میں پیش کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں میں یہ بل منظور کرلیا جائیگا جس کے بعد رقم ملنا شروع ہوجائے گی۔بائیڈن لوگر بل کا نام پاکستان سے تعلقات بڑھانے کا ایکٹ ہے

متعلقہ عنوان :