اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کا صدر زرداری کو خط ، پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسوں پر اظہارتشویش

اتوار 15 فروری 2009 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری۔2009ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے صدر آصف علی زرداری کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسوں پر تشویش ظاہر کی ۔نجی ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری نے اس خط میں صدرزرداری کو پولیو کے خاتمے کو ترجیحات میں شامل کرنے پر زور دیا ہے ۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیو سے پاک علاقوں میں دوبارہ وائرس کی موجودگی اور نئے کیس لمحہ فکریہ ہیں ۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریوں کو شامل کرکے پولیو کے جلد خاتمے کی ایک جامع پالیسی وضع کی جائے ۔اس خط میں صوبہ پنجاب اور اسلام آباد میں پولیو کیسز رونما ہونے کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے اس مرض کے خاتمے کی مہم میں اقوام متحدہ کے بھرپور تعاون کی پیش کش کی گئی ہے ۔پاکستان میں سال2008 کے دوران پولیو کے118کیسز سامنے آئے تھے ۔