تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے قوم ساتھ دے وہ ملک میں انقلاب لے آئیں گے ، نواز شریف،پرویز مشرف کی روح صدر آصف زرداری میں گھسی ہوئی ہے،پیپلزپارٹی کا پنجاب میں حکومت بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا،نارووال میں جلسہ سے خطاب

پیر 2 مارچ 2009 18:17

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2009ء) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے ،قوم ساتھ دے وہ ملک میں انقلاب لے آئیں گے ۔نارروال میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی روح صدر آصف علی زرداری میں گھسی ہوئی ہے ، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں حکومت بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرانے والے احمد رضا قصوری کو آصف علی زرداری نے میری نااہلی کے فیصلے پر مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کیسے جج ہیں جو وردی والے کو اہل اور عوامی رہنما کو نااہل قرار دے دیتے ہیں ، نااہلی کا فیصلہ سنانے والے جج اب عوام کی عدالت میں پیش ہوں ، ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے جسے قوم اب سیدھا کرکے دم لے گی ۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مذاق بنا دیا گیا ہے قوم کب تک بدحالی کی چکی میں پستی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ تو کسی اور نے لگایا تھا جسے عملی طور پر پنجاب میں شہباز شریف نے پورا کرکے دکھا یا ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی لانگ مارچ اور دھرنے کو کامیاب بنایا جائے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے ۔