دہشتگردی کے خلاف نئی امریکی حکمت عملی کی کامیابی کا امکان زیادہ ہے ،حسین حقانی

پیر 30 مارچ 2009 17:36

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2009ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نئی امریکی حکمت عملی کی کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں،امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو میں حسین حقانی نے توقع ظاہر کی کہ نئی امریکی حکمت عملی پر تمام ممالک شریک کار ہونے کے جذبے کے ساتھ عمل پیرا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نئی امریکی حکمت عملی کی کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں کیونکہ اس میں سماجی ، اقتصادی اور سیاسی عوامل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے پالیسی کی تشکیل میں پاکستان سے مشاورت کی ہے اور اوباما انتظامیہ نے اس بات کو تسلیم کرلیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مسئلہ عسکری طور پر حل نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور اسے دہشت گردی کے مقابلے کیلئے ذرائع کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ مدد کئے بغیر مزید اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ پاکستانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی حکمت عملی کارگر نہ ہوئی تو امریکا کے پاس تو خطے سے نکلنے کا آپشن ہے مگر افغانستان اور پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک اپنا جغرافیہ تبدیل نہیں کرسکتے

متعلقہ عنوان :