گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی اسٹاک ایکسچینج میں اتارچڑھاؤکے بعد تیزی کارجحان غالب ،سرمایہ کاری مالیت میں38ارب22کروڑ روپے کااضافہ

ہفتہ 27 جون 2009 18:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جون ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں27جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مارکیٹ اتار چڑھاؤکاشکار رہی تاہم مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 123.31 پوائنٹس بڑھ کر7163.04پوائنٹس پر بند ہوا۔سرمایہ کاری مالیت میں38ارب22کروڑروپے سے زائدکااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مقامی سرمایہ کاروں کے محتاط طرزعمل ،مختصر مدت کی سرمایہ کاری کرنے والوں کی جانب سے پرافٹ اینڈ ٹیکنگ اورلیوریج پروڈکٹ نہ ہونے، سرمائے کی عدم دستیابی کے باعث کاروباری ہفتے کا آغاز منفی زون میں ہوتاہم مارکیٹ کے آخری دوروز اتار چڑھاؤ کے بعدتیزی کا رجحان غالب رہا،جمعرات ،جمعہ کو سیمنٹ، آئل اینڈ گیس، بینکنگ اور دیگر سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی پرکشش قیمتوں پر مقامی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کی خریداری کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

اسٹاک ماہرین کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے اور بالخصوص غیر ملکی امداد کے ملنے سے کاروباری حلقوں کا اعتماد بتدریج بحال ہورہا ہے بلکہ حالیہ دنوں میں غیر ملکی فنڈز کی جانب سے بھی مخصوص حصص میں خریداری ہوئی ہے۔مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق آپریشن راہ راست میں پاک فوج کی مزید کامیابیوں سے سرمایہ کاروں کا حوصلہ بحال ہوا ہے تاہم سرمائے کی قلت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمائے کے انخلاء کے باعث مارکیٹ گروتھ نہیں کررہی ہے۔

ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پرکے ایس ای 100انڈیکس7039.73پوائنٹس سے بڑھ کر 7163.04پوائنٹس پربند ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں38ارب22 کروڑ 33لاکھ77ہزار 262روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 20کھرب82ارب 36کروڑ16لاکھ7ہزار158روپے سے بڑھ کر 21 کھرب 20 ارب 58 کروڑ 49 لاکھ 84 ہزار 420 روپے ہوگئی۔ سرگرم کمپنیوں میںآ ئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ،ڈی جی خان سیمنٹ،عارف حبیب بینک ا ور لکی سیمنٹ کی سرگرمیاں نمایاں رہیں۔