کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی، سرمایہ کاروں کے 13 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے

منگل 30 جون 2009 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جون ۔2009ء) نئے مالی سال کا آغاز ‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات ‘ مقامی سرمایہ کاروں کا محتاط طرز عمل ‘ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 7200 کی نفسیاتی حد سے گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 13 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 4.49 فیصد زائد جبکہ 57.43 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

سیمنٹ‘ آئل اینڈ گیس‘ بینکنگ اور دیگر سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں میں مقامی بروکریج ہاؤسز اور حکومتی مالیاتی اداروں کی جانب سے خریداری کے باعث مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ نئے مالی سال کا آغاز اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات جبکہ بروکریج ہاؤسز میں ٹیکس کے نفاذ ‘ مقامی سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل ‘ مختصر مدت کی سرمایہ کاری کرنے والوں کی جانب سے پرافٹ اینڈ ٹیکنگ اور لیوریج پروڈکٹ نہ ہونے کی وجہ سے سرمائے کی عدم دستیابی کے باعث مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 43.99 پوائنٹس کمی سے 7162.18 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق آپریشن راہ راست میں پاک فوج کی مزید کامیابیوں سے سرمایہ کاروں کا حوصلہ بحال ہوا ہے تاہم سرمائے کی قلت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمائے کے انخلاء کے باعث مارکیٹ گروتھ نہیں کررہی ہے۔ مجموعی طور پر 303 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 111کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 174 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سرمایہ کاری مالیت میں 13 ارب 60 کروڑ 94 لاکھ 66 ہزار 814 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 21 کھرب 34 ارب 26 کروڑ 3 لاکھ 38 ہزار 999 روپے سے گھٹ کر 21 کھرب 20 ارب 65 کروڑ 8 لاکھ 72 ہزار 183 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پرکاروباری حجم10 کروڑ 41 780 شیئرز رہا جو پیر کے مقابلے میں 42 لاکھ 94 ہزار 780 شیئرز زائد ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے یونی لیور پاک لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 19.41 روپے اضافے سے 1950.11 روپے اور لیکسن ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 7.95 روپے اضافے سے 167.02 روپے پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 57.47 روپے کمی سے 1091.98 روپے جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 18 روپے کمی سے 12.61 روپے پر بند ہوئی۔ منگل کو ال عباس سیمنٹ کی سرگرمیاں 1 کروڑ 60 لاکھ 41 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں۔ جس کے شیئرز کی قیمت 19 پیسے اضافے سے 7.00 روپے اور پی ٹی سی ایل اے کی سرگرمیاں 85 لاکھ 58 ہزار 800 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 66 پیسے کمی سے 17.24 روپے پر بند ہوئی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 69.16 پوائنٹس کمی سے 7571.08 پوائنٹس پر بند ہوا۔