ایران کے نائب وزیر خارجہ کی چیئرمین سینٹ سے ملاقات، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ اقتصادی تعاون کا سنگ میل ثابت ہوگا ، فاروق نائیک

بدھ 8 جولائی 2009 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جولائی ۔2009ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ مہدی اخونزادہ نے بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینٹ ، فاروق ایچ نائیک سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر بالخصوص پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی روابط کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ جان محمد جمالی اور پاکستان میں ایران کے سفیر ماشاء اللہ شاکری بھی موجود تھے ، چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین انتہائی قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں ، جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہونگے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور ایران کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے نظام کو سمجھنے میں مدد ملے گی ، فاروق ایچ نائیک نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو اقتصادی تعاون کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عظیم منصوبے کے پایہ تکمیل تک پہنچنے سے پورے خطے میں ترقیاتی عمل تیز ہوگا ، ملاقات کے دوران کوئٹہ ، زاہدان ، ترکی تک ریلوے لائن بچھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آگئی کہ اس منصوبے سے تینوں ممالک کو اقتصادی شعبے میں زبردست فائدہ پہنچے گا ، کیونکہ اس سے خام مال اور تیار شدہ اشیاء کی تیز رفتار نقل حمل ممکن ہوسکے گی ، نیز سینٹ میں پاک ایران فرینڈ شپ گروپ کے قیام کا بھی عملی جائزہ لیا گیا ، ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک نے مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیاہے ، انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون بڑھانے کے خیال کی تائید کرتے کہا کہ اس سے دونوں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں گے ، یاد رہے کہ مہدی اخونزادہ اس سے قبل پاکستان میں بطور سفیر خدمات انجام دے چکے ہیں ، انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :