لکی مروت: شہدا کی تدفین آج ہورہی ہے

ہفتہ 2 جنوری 2010 12:27

لکی مروت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔02جنوری2010ء) لکی مروت خودکش حملے میں شہید ہونے والے نوے افراد کی تدفین آج کی جارہی ہے۔لکی مروت خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد نوے ہوگئی۔ اٹھاسی افراد کے جسد خاکی شاہ حسن خیل منتقل کردیئے گئے۔ شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ تین مقامات پر ادا کی جائے گی۔ لکی مروت خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے اٹھاسی افراد کی نماز جنازہ لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل میں تین مقامات پر آج ادا کی جائے گی۔

شہدا کی میتیں شاہ حسن خیل منتقل کردی گئی ہیں۔ خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔پولیس نے تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔گزشتہ روز لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل کے والی بال گراوٴنڈ میں میچ کے دوران خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑادی تھی۔

(جاری ہے)

جس سے بیس سے زیادہ مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

دھماکے سے اٹھاسی افراد شہید اور چونسٹھ زخمی ہوئے۔ شہدا میں پانچ ایف سی اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او لکی مروت کے مطابق دھماکے میں تین سو کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔ پچیس زخمیوں کو مقامی اسپتال جبکہ انتیس شدید زخمی بنوں منتقل کیا گیا۔ مقامی اسپتال میں طبی سہولیات کے فقدان اور عملے کی کمی سے زخمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔چار شدید زخمیوں کو آج صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا ہے۔سرحد حکومت نے جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کے لئے تین تین لاکھ اور زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ مقامی امن کمیٹی کے مطابق حکومت سے تعاون کی وجہ سے عسکریت پسندوں نے دھمکیاں دی تھیں۔