فیس بک مالکان کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں قانونی کاروائی کی جا ئیگی، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن

جمعہ 21 مئی 2010 13:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی۔2010ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،لاہور کی ہیومن رائٹس کمیٹی کا اجلاس زیرصدارت بابر مرتضیٰ خاں سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن منعقد ہوا۔ اجلاس میں شمیم الرحمن ملک چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی، لسان اللہ خان شریک چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی ، سردار علی رانا وائس چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی ،وحید احمدچوہدری سیکرٹری ہیومن رائٹس کمیٹی اور مقتدر اختر شبیر سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حضور ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکے دکھانے والی ویب سائٹ \"Face Book\"کے مالکان کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں قانونی کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے چارٹر میں دی گئی مذہبی آزادی کے متعلق حق کی خلاف ورزی کی ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر آف ہیومن رائٹس میں تمام افراد کو اس کے مذہبی معاملات میں آزادی کے ساتھ یہ بھی حق دیا گیا ہے کہ کوئی بھی کسی کے مذہب کے متعلق غلط بات نہ کرے گا اور ہر ایک کو اپنے مذہب کے متعلق معاملات میں مکمل آزادی ہو گی۔