مسلم لیگ ن کی طرف سے صدر پر پنجاب کو تقسیم کرنے کی کوشش کا الزام لگانے والوں کی ذہنی حالت کو مشکوک ہے ،راجہ ریاض

پیر 26 جولائی 2010 19:00

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جولائی۔2010ء) پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے مسلم لیگ ن کی طرف سے پارٹی کے شریک چیرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری پر پنجاب کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگانے والوں کی ذہنی حالت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کہنے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں ضرور جھانک لینا چاہئے۔پیپلز پارٹی کے سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض نے صدیق الفاروق کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور جس کی اہلیہ نے ملک کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی ہو اور 11برس جیل کاٹی ہو اس پر ایسا الزام عائد کرناطفلانہ سیاسی حرکت کے سوا کچھ نہیں۔

پی پی پنجاب کے قائم مقام صدر سمیع اللہ خان اور عثمان ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نام نہاد ترجمان اپنی جماعت کی گرتی ہوئی ساکھ کو الزام تراشیوں کے ذریعے سہار انہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ کی شہادت کے بعد بکھرے کو ہوئے ملک اور بپھرے ہوئے عوام کو پاکستان کھپے کا نعرہ دینے والے پر بہتان طرازی کرنے والوں کو شرم آنی چاہئیے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری فنانس اورنگزیب برکی اور پیپلز پارٹی لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل نے کہا کہ صدیق الفاروق کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جمہوریت اور جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے اور نقصان پہنچانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ایک مرتبہ پھر صدیق الفاروق، چودھری نثار اور رانا ثناء اللہ کی شکل میں تیار کردہ طالبان کو ٹارگٹ دیکر پاکستان کی سلامتی اور قوم کیلئے خطرہ پیدا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے شاید صدیق الفاروق کو مفاہمت، جمہوریت اور جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی ذمہ داری سونپ رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ نوازشریف نے عدلیہ پر قبضہ جمانے کیلئے سپریم کورٹ پر حملہ کروایا اور عدلیہ کی بحالی کی تحریک کو اپنے نام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت اور قیادت کیخلاف مسلم لیگ (ن) نے بے بنیاد الزامات اور غلیظ بیان بازی کا سلسلہ بند نہ کیا تو محب وطن باشعور عوام، پارٹی جیالے کارکنان ان افراد کا گھیراؤکرینگے اور انکے ماضی میں کرتوت، کرپشن، سکینڈل سمیت انہیں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کیلئے ہدایات اور فنانس کرنیوالے اندرونی اور بیرونی آقاؤں کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اصغر گجر اور نائب صدر ملک احسان گنجیال نے کہا کہ آمر ڈکٹیٹر ضیاء الحق کو اپنا لیڈر سمجھنے والے آج ایک مرتبہ پھر ملک کے اندر جمہوریت کے خاتمے کیلئے منتخب صدر زرداری کی مخالفت کرکے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں میں انتشار پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں جسے عوام کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :