حکومت کا مقصدعوام کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانا ہے ، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ حیات آباد کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز زیر غور لا کر اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے ، ہمیں مستعدی اور حکمت عملی کے ساتھ ان امورکو انجام دینا ہوگا،خیبر پختونخوا کے نگران وزیر صحت اور ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ کابریفنگ سے خطاب

جمعرات 11 اپریل 2013 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11اپریل۔2013ء)خیبر پختونخوا کے نگران وزیر صحت اور ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ سیر کو جمعرات کے روز ان کے دفتر واقع سول سیکرٹریٹ پشاور میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں انسٹی ٹیوٹ کے قیام، اس کے اغراض و مقاصد، فیکلٹی ممبران ادارے کی کارکردگی اور انتظامی امور کے بارے میں سلائیڈوں کی مدد سے بتایا کیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت عابد علی، پی جی ایم آئی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اختر علی اور پروفیسر عابد ایسوسی ایٹ ڈین پی جی ایم آئی بھی موجود تھے۔ادارے کے ڈین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں 41 ٹیچنگ یونٹس اور229 کو الیفائیڈ سٹاف موجود ہے اور ادارہ پشاور کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ڈاکٹروں کی تربیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے جبکہ اس میں ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس کے بین الاقوامی معیار کے مطابق کورسز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جو صوبے کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ادارے کی نئی عمارت اور اس میں آئندہ مستقبل میں تربیت سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی ذکر کیا اور ا س میں مزید بہتری لانے کیلئے چند اہم تجاویز بھی پیش کیں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات اور صحت سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں تاکہ بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو اور اس بارے میں احتیاطی تدابیر کا شعور اجاگر ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو زیر غور لا کر اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔لہذا ہمیں مزید مستعدی اور حکمت عملی کے ساتھ ان امورکو انجام دینا ہوگا۔ اس موقع پرسیکرٹری صحت نے بھی انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے بعض نکات کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔