ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ، قوم مایوس نہ ہوآنے والے دن ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دن ہونگے ، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما کلثوم نواز شریف کاپارٹی کارکنان سے خطاب

بدھ 8 مئی 2013 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8مئی۔ 2013ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما کلثوم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ، قوم مایوس نہ ہوآنے والے دن ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دن ہونگے۔ وہ حلقہ این اے 120میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

بیگم کلثوم نواز شریف نے کہا کہ ماضی کے حکمران اقتدار کی بجائے ملک کو بچاتے تو آج ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل نہ ہوتے مگر بدقسمتی سے پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو ملک اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے اور آجکل بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام 11مئی کے انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں کیونکہ (ن) لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جو اس ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی نعرے نہیں لگاتے بلکہ قوم سے جو بھی وعدے کرتے ہیں اس کو پورا کیا جاتا ہے اور انشاء اللہ (ن) لیگ اقتدار میں آکر ملک کو تمام مسائل سے نجات دلائے گی۔