وزیراعظم پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ مقرر، معاملات چلانے کیلئے ایڈہاک کمیٹی قائم، نجم سیٹھی کمیٹی کے چئیرمین منتخب

منگل 15 اکتوبر 2013 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر۔2013ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی معاملات میں اہم تبدیلیاں کردی گئیں جس کے تحت اب بورڈ کے سرپرست اعلیٰ صدر مملکت کے بجائے وزیراعظم ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایکسپریس نیوز کے مطابق جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ اب صدر مملکت کے بجائےوزیر اعظم ہوں گے جو کرکٹ سے متعلق تمام امور کی نگرانی کریں گے، وزیراعظم نے بورڈ کے اندرونی معاملات کو چلانے کے لئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو ہارون رشید، نجم سیٹھی، نوید اکرم چیمہ، شہریار خان اور ظہیر عباس پر مشتمل ہے، یہ کمیٹی آئندہ 90 روز تک بورڈ کے معاملات چلائے گی اور ادارے میں مبینہ کرپشن کی روک تھام بھی کرے گی تاہم وزیر اعظم کے حکم پر کمیٹی کی مدت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

کمیٹی نے نجم سیٹھی کو چیئرمین منتخب کیا ہے اور نجم سیٹھی ہی آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئےلندن جائیں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ذکا اشرف کی برطرفی کے بعد نجم سیٹھی کو پی سی کا عبوری چیئرمین مقرر کیا گیا تھا تاہم مختلف امور پر ہونے والی تنقید اور معاملات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔