چین رواں سال کے اختتام تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا اعزاز حاصل کرسکتا ہے ،اقوام متحدہ

جمعرات 1 مئی 2014 13:52

چین رواں سال کے اختتام تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا اعزاز حاصل کرسکتا ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1مئی 2014ء) اقوام متحدہ کی نئی رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ چین رواں سال کے اختتام تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا اعزاز حاصل کرسکتا ہے جو اس وقت امریکہ کے پاس ہے۔ اقوامِ متحدہ سے منسلک بین الاقوامی مسابقتی پروگرام کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق چینی معیشت کی شرح نمو ماضی میں لگائے جانے والے اندازوں سے کہیں زیادہ رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ چینی معیشت کی بڑھوتری کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو 2014ء کے اختتام تک چین امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائیگا تاہم عالمی معیشت کے دیگر مروجہ اشاریوں کے برعکس اس رپورٹ میں ملکی معیشتوں کے باہم موازنے کیلئے قوت خریدکو بنیاد بنایا گیا جس میں یہ جانچا گیا کہ ایک جتنی رقم سے مختلف ممالک میں کیا کچھ خریدا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کی بنیاد پر معروف جریدے دی اکنامسٹ نے ایک مضمون شائع کیا ہے جس میں چین کے 2014ء کے اختتام تک معاشی سپر پاور بننے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اکنامسٹ نے لکھا کہ امریکہ کی صدی ختم ہورہی ہے اور دنیا کے ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔فنانشل ٹائمز اور برطانوی اخبار دی گارجین نے عالمی ادارے کی مذکورہ رپورٹ کی بنیاد پر بدھ کو اسی نوعیت کی پیش گوئیاں شائع کی ہیں۔ خیال رہے کہ چین کی معیشت تین دہائیوں تک 10 فی صد سے زائد شرح سے ترقی کرتی رہی ہے جس کے بعد عالمی اقتصادی بحران کے باعث حالیہ برسوں میں چین کی شرحِ نمو میں کمی آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :