بھارت ، مقابلے کے امتحان کے تیاری کرنے والے طلبہ خود کشیاں کرنے لگے

مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کرنے والے طلبہ کی خود کشیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ، بھارتی ٹی وی

منگل 30 اپریل 2024 16:31

بھارت ، مقابلے کے امتحان کے تیاری کرنے والے طلبہ خود کشیاں کرنے لگے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) بھارتی ریاست راجستھان میں مقابلے کے امتحان کے تیاری کرنے والے طلبہ پراسرا طور پر خود کشیاں کرنے لگے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے شہر کوٹہ میں مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کرنے والے طلبہ کی خود کشیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، ایک اور طالب علم کی خود کشی کا کیس سامنے آ گیا ہے۔

کوٹہ شہر کو کوچنگ حب کے طور پر جانا جاتا ہے، اتوار کو نیٹ امتحان کی تیاری کرنے والے طالب علم نے اپنے کمرے میں پھانسی کا پھندا لگا کر خود کشی کر لی، تاہم اس کے اہل خانہ نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا ،ہریانہ کے روہتک ضلع کا رہائشی سمت نامی طالب علم گزشتہ ایک سال سے امتحان کی تیاری کے سلسلے میں کوٹہ شہر میں مقیم تھا، اس کے گھر والوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ خود کشی نہیں بلکہ قتل کا کیس ہے۔

(جاری ہے)

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ 5 مئی کو سمت کا امتحان تھا، اسے قتل کیا گیا ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہیے، طالب علم کے چچا کا کہنا تھا کہ ان کا بھتیجا ایسا قدم قطعی نہیں اٹھا سکتا، کیوں کہ وہ ذہنی طور سے مضبوط تھا اور ہر طرح کے دباو کا سامنا کرنے کے لیے بھی تیار رہتا تھا۔پولیس نے اہل خانہ کے مطالبے پر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کوٹہ میں رہ کر امتحان کی تیاری کرنے والے کئی طلبہ پڑھائی کے دباو کی وجہ سے موت کو گلے لگا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :