وزیراعظم نواز شریف، نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نئی دلی پہنچ گئے

پیر 26 مئی 2014 11:18

وزیراعظم نواز شریف، نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ..

نئی دلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2014ء) پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز، وزیر اعظم نواز شریف، نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نئی دلی پہنچ گئے۔ دو روزہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی بھارتی صدر اور وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہونگی۔ وزیر اعظم نواز شریف کا خصوصی طیارہ بھارتی وقت کے مطابق گیارہ بج کر پانچ منٹ پر نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ائر پورٹ پر اترا۔

بی جے پی کے رہنماؤں، اعلی بھارتی فوجی حکام، پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط، اور ہائی کمیشن کے سینئر افسروں نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایک بچی نے وزیر اعظم نواز شریف کو پھول پیش کئے۔ روانگی سے پہلے لاہور ائر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا وہ امن کا پیغام لے کر بھارت جا رہے ہیں، مسائل مذاکرات سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوست ممالک سے اچھے تعلقات ہماری ترجیحات ہیں۔ پاکستانی وفد میں، سرتاج عزیز، طارق فاطمی، حسین نواز اور جاوید اسلم وزیر اعظم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ پاکستانی وفد چھ بجے نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے راشٹر پتی بھون پہنچے گا۔ پاک بھارت وزرائے اعظم کی باضابطہ ملاقات منگل کو سوا بارہ بجے ہو گی جس میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ سے وزیراعظم کے مشیر برائے نیشنل سیکیورٹی سرتاج عزیز، طارق فاطمی، حسین نواز اور سیکرٹری ٹو پی ایم جاوید اسلم شریک ہونگے ۔

وزیراعظم کی بھارتی صدر پرناب مکھرجی سے ملاقات کا وقت منگل دن ایک بجکر بیس منٹ طے ہوا ہے۔ بھارتی صدر سے ملاقات میں وزیر اعظم کے ساتھ سرتاج عزیز، طارق فاطمی، جاوید اسلم، اعزاز احمد چودھری اور عبدالباسط شریک ہونگے۔ وزیراعظم منگل کے روز شام ساڑھے چار بجے لاہور واپس پہنچیں گے۔

متعلقہ عنوان :