انشاء الله 31مئی کو نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن بجلی کی پیداوارکا آغاز کر دے گی‘ راشدہ یعقوب شیخ

پیر 26 مئی 2014 17:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2014ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا ،ترقیاتی منصوبوں کا اجراء عوام پر احسان نہیں بلکہ ان کا حکومت پر حق ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی بد ترین مجرمانہ غفلت کے باعث نندی پور پاور پراجیکٹ 3برس تک سرد خانے میں پڑا رہا اور منصوبے کی مشینری کراچی پورٹ پر زنگ آلود ہوتی رہی لیکن سابق حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہ رینگی ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی قومی اہمیت کے اس اہم منصوبے پر توجہ دی اور چین کی کمپنی کو دوبارہ کام پر آمادہ کیا۔ ستمبر 2013 میں کام کا دوبارہ آغاز کیا گیا اور صرف 7ماہ کی ریکارڈ مدت میں محنت، دیانت ، خلوص اورایک عز م کے ساتھ منصوبے کو مکمل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ساہیوال کے علاقے قادر آباد میں چین کے تعاون سے انتہائی جدید ترین کول پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔

اس ضمن میں چین کے معروف کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ پہلے ہی معاہدہ طے پا چکاہے-پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا یہ پہلا منصوبہ ہے جسے تیز رفتاری ، اعلیٰ معیار اور شفافیت سے مکمل کیا جائے گا اور منصوبے کی تکمیل سے 1320میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے صرف 7ماہ کی ریکارڈ مدت کے دوران 100میگا واٹ بجلی کی پیداوارکا حصول بہترین ٹیم ورک کانتیجہ ہے۔انشاء الله 31مئی کو نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن بجلی کی پیداوارکا آغاز کر دے گی۔

متعلقہ عنوان :