خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا گلیات کا دور، وہاں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا تفصیلی معائنہ کیا

پیر 2 جون 2014 19:43

ایبٹ آباد،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جون۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے گلیات کا دورہ کیا اور وہاں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا تفصیلی معائنہ کیا صوبائی وزیر امجد خان آفریدی، ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ایبٹ آباد کے چئیرمین سردار محمد ادریس، ہری پور کے ایم پی اے اکبر ایوب، چیف سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت حضرت سعید میاں، سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی حفظ الرحمان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات احمد حنیف اورکزئی، کمشنر ہزارہ عابد علی، ڈی آئی جی ہزارہ، ڈی سی ایبٹ آباد مطیع اللہ، گلیات ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل نذر حسین شاہ اور پولیس و انتظامیہ کے دیگر حکام بھی انکے ہمراہ تھے وزیراعلیٰ صابر آباد خیراگلی سے ہوتے ہوئے چھانگلہ گلی، ایوبیہ، ڈونگا گلی، نتھیا گلی تمام بازاروں میں گھومے جہاں مقامی لوگوں اور سیاحوں کے علاوہ سکول کے بچوں نے انہیں دیکھ کر خوشی سے تالیاں بجائیں اور تجاوزات ہٹانے پر اظہار مسرت کیا نتھیاگلی بازار میں وہ لوگوں میں گھل مل گئے اور انہیں بتایا کہ ہم نے تمام تر سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گلیات کے بازاروں میں 107کنال اراضی کو تجاوزات اور 25کنال اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا نیز گلیات کے تمام بازاروں کی چوڑائی 45فٹ یقینی بنا دی ہے اور جہاں یہ 30یا 35فٹ تھی اسے بھی چوڑا بنا دیا ہے تاکہ یہ علاقے سیاحت کیلئے زیادہ پرکشش بننے کے علاوہ مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے زیادہ اور بہتر مواقع پیدا ہوں اور انہیں یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ اہل علاقہ بھی گلیات کے بازاروں سے تجاوزات ہٹانے پر خوش و مطمئن ہیں جبکہ دکانداروں اور بازار صدور نے اس مہم میں انتظامیہ سے پورا تعاون کیا اور رضاکارانہ تجاوزات ہٹائیں اسکی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے تجاوزات ہٹانے کا آغاز بااثر لوگوں اور اپنے ہی ورکروں سے کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے اور مجھے معلوم ہے کہ یہاں کے عوام کو انصاف پسند ہے کیونکہ جہاں انصاف ہوگا وہاں امن، سکھ چین اور خوشحالی خودبخود آئے گی انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات میں آنے والے پلازوں اور ہوٹلوں کی مرمت کا آدھا خرچ ہم دینگے تاہم یہ کام سرکاری ڈیزائن کے مطابق کرنا ہوگا جسکے بعد گلیات کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پلان پر عمل درآمد کا آغاز ہو گا جس میں ماسٹر پلان کے تحت تعلیم و صحت، آبنوشی اور صحت و صفائی کے علاوہ وسیع پیمانے پر شجر کاری اور پارکوں کے قیام کی سکیمیں شامل ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم پورے صوبے میں جاری ہے خود ان کا آبائی شہر نوشہرہ بھی اسکی زد میں ہے ْکیونکہ ہم اس صوبے کے ہر شہر، گاؤں اور گلی کوچے کو خوبصورت اور رہنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں ماضی میں دوسرے تمام امور کی طرح اس چیز پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ہر معاملے میں سیاسی مصلحتوں اور ذاتی مفادات کو خاطر میں لایا گیا حکمرانوں نے بااثر لوگوں سے گٹھ جوڑ کرکے گروہی مفادات کا تحفظ اور غریب کا استحصال کیا مگر ہم ذات کی قربانی دیکر غریب عوام کو انکے حقوق لوٹائیں گے اور اس کا عملی مظاہرہ ہم شروع دن سے کرتے آئے ہیں نتھیاگلی بازار میں عمائدین نے انہیں بتایا کہ تجاوزات میں دو مساجد کے کچھ حصے بھی آتے ہیں مگر حکومت کے اخلاص کے پیش نظر وہ اسے مسئلہ بنانے کی بجائے انہیں راستہ کشادہ کرنے کیلئے رضاکارانہ طور پر ہٹائیں گے انہوں نے کہا کہ قانون پر یکساں عمل اور انصاف ہوتا نظر آئے تو تمام شہری اس پر مطمئن اور تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں ۔