پیپلز پارٹی کے دور میں کبھی کوئی سیاسی قیدی نہیں رہا، ہم نے ہمیشہ دوستی اور ہم آہنگی کا ہاتھ بڑھایا ہے، سینیٹر شیری رحمن

جمعہ 26 اپریل 2024 14:46

پیپلز پارٹی کے دور میں کبھی کوئی سیاسی قیدی نہیں رہا، ہم نے ہمیشہ دوستی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) سینیٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کبھی کوئی سیاسی قیدی نہیں رہا، ہم نے ہمیشہ دوستی اور ہم آہنگی کا ہاتھ بڑھایا ہے، ہم تلخیاں نہیں چاہتے، مل کر فیصلے کریں گے تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پہلے دن جس طرح اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں، تمام نئے سینیٹرز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

ایوان بالا وفاق اور اتحاد کی علامت ہے، صدر آصف علی زرداری نے پارلیمانی سال کے آغاز پر اپنے خطاب میں سب سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ ہم سب نئی تاریخ رقم کریں اور مل کر ملک کی ترقی کے لیے آگے چلیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں لیکن ملک کے وقار پر حرف نہیں آنے دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کبھی کوئی سیاسی قیدی نہیں رہا، ہم نے ہمیشہ دوستی اور ہم آہنگی کا ہاتھ بڑھایا ہے، ہم تلخیاں نہیں چاہتے، ایک دوسرے کو عزت دینا ہو گی اور نئی شروعات کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ قرضے سب حکومتوں نے لیے ہیں، پاکستان کی سیاست میں محاذ آرائی ایک ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے، ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم اپنا رویہ بدلیں اور ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنا چھوڑ دیں۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کو آر اوز کا الیکشن کہا جاتا رہا ہے، 2013 کے انتخابات میں بھی ہم نے حصہ لیا، ضروری نہیں کہ آپ کو اپنی مرضی کا انصاف ملے صحیح وقت پہ صحیح دروازہ کھٹکھٹانا ہی اہمیت رکھتا ہے، صرف بیانیہ بنانے سے، نئی نسل کو منتشر کرنے سے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے سے ملک کی مشکلات کم نہیں ہوتیں، مل کر فیصلے کریں گے تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔