بیٹے کی شرارت باپ کو مہنگی پڑگئی

جمعہ 6 جون 2014 22:14

بیٹے کی شرارت باپ کو مہنگی پڑگئی

جنوبی کوریا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جون۔2014ء)ایک چینی سیاح جنوبی کوریا میں اپنے چار سالہ بیٹے کی شرارت کی وجہ سے پھنس گئے۔لاؤننگ صوبے کے رہائشی 'مسٹر زینگ' اپنے بیٹے کے ہمراہ جنوبی کوریا کے دورے پر تھے جہاں ان کے بیٹے نے انکے پاسپورٹ پر ڈرائنگ بنادی جس کے باعث کسٹم حکام نے انہیں وطن واپسی سے روک دیا۔جونیئر زینگ نے اپنے والد کے پاسپورٹ پر جانوروں کی تصاویر سے لیکر بادلوں اور پودوں تک کی تصاویر بناڈالیں۔

اس کے علاوہ صاحب زادے نے اپنے والد کی مونچھیں اور اور داڑھی بناکر انہیں مزید خوبصورت بنانے کی بھی کوشش کی۔جب تک مسٹر زینگ کو اس واقعے کا علم ہوا تب تک کافی دیر ہوچکی تھی جبکہ جنوبی کوریائی حکام کو جونئیر زینگ کی ڈرائنگ کچھ خاص پسند نہیں آئی۔

(جاری ہے)

بعدازاں انہوں نے اپنی صورت حال چینی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ویبو پر بیان کی جہاں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک چین واپس نہیں جاسکتے اور چینی حکام ان کی مدد کریں۔

چینی حکام نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں سفارت خانے جانے کیا ہدایت کی تاہم تاحال یہ بات غیر واضح ہے کہ مسٹر زینگ اپنے وطن واپس پہنچ سکے یا نہیں۔دوسری جانب رپورٹس کے مطابق حکومتی اہلکاروں نے چینی سیاحوں کو دستاویزات کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی تصویر بہت اہمیت رکھتی ہے اور اس کو نقصان پہنچنے سے مشکل کھڑی ہوسکتی ہے۔